قومی

پاکستان میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 47 تک پہنچ گئی

 

پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث مزید 4 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد 47 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3157 تک جاپہنچی ہے۔

اتوار کو  پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا میں 4 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جن میں سے کے پی میں 2 جبکہ پنجاب اور سندھ میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی۔

خیبرپختونخوا کی وزارت صحت کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت نے بتایا کہ سوات کے رہائشی 2 افراد کورونا وائرس کا شکار بن گئے ہیں۔

ملک میں اب تک کورونا سے ہونے والی 47 ہلاکتوں میں سے 16 ہلاکتیں خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 15، پنجاب میں 12، گلگت میں 3 اور  بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

ملک بھر میں اتوار کو 389 کیسز سامنے آئے جن میں سے پنجاب میں 293، سندھ میں 51، خیبرپختونخوا میں 33، بلوچستان میں 6، اسلام آباد اور  آزاد کشمیر میں 3، 3 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 3157 ہوگئی ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 12 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں تاہم پی ڈی ایم اے پنجاب نے 5 بجے تک کے اعداد و شمار میں صوبے میں مہلک وائرس سے 11 افراد جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔

دوسری جانب پنجاب میں اتوار کو مزید 293 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1380 ہو گئی ہے۔ سندھ میں اتوار کو ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 تک جاپہنچی ہے جس میں سے 13 ہلاکتیں کراچی اور 2  حیدر آباد میں ہوئی ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 51 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد  صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 881 ہوگئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں بھی اتوار کو کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 78 ہو گئی ہے۔

آزاد کشمیر میں بھی اتوار کو مزید 3 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ خیبرپختونخوا کی وزارت صحت کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت نے بتایا کہ سوات کے رہائشی 2 افراد کورونا وائرس کا شکار بن گئے ہیں۔

وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 33 نئے کیسز  کی تصدیق ہوئی  ہے جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 405 ہوگئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ  صوبے میں مزید 32 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 62 ہوگئی ہے۔

بلوچستان میں اتوار کے روز کورونا وائرس کے 6 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 192 ہو گئی ہے۔ گلگت بلتستان میں اتوار کو سرکاری طور پر کسی کیس کی تصدیق نہیں کی گئی اور متاثرہ مریضوں کی تعداد مجموعی تعداد 206 ہے۔ گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 9 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جبکہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button