کوئٹہ، صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کورونا وائرس کے حوالے سے رپورٹ فراہم نہ کرنے اور تین دنوں سے مسلسل ٹیلیفون نہ اٹھانے پر سیکرٹری صحت کو تھپڑ رسید کردیا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے آج کابینہ اجلاس طلب کرلیا اہم فیصلہ متوقع ہے، صوبائی وزیر زراعت زمرک خان اچکزئی کی بدھ کو سیکرٹری صحت مدثر وحید ملک سے کورونا وائرس کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ فراہم نہ کرنے اور بار بار کال کے باوجود جواب نہ دینے پر تلخ کلامی ہوئی۔
صوبائی وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ پنجاب سے آنے والے افسران کے بلوچستان آکر تیور بدل جاتے ہیں جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس پر صوبائی وزیر نے سیکرٹری صحت کو تھپررسید کر دیا۔
جب اس سلسلے میں صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان سے رابطہ کیا گیا تو ان کے پرنسپل سیکرٹری نے آج سیکرٹری صحت سے ہونے والے جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کابینہ کا اجلاس آج بروز جمعرات طلب کرلیا ہے جس میں اس حوالے سے اہم فیصلہ متوقع ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2291 ہو گئی ہے، 31 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، بلوچستان میں متاثرہ مریض 169 جبکہ خیبر پختونخوا میں 276 ہیں۔