مردان میں کورونا وائرس کے دو مشتبہ مریض ہسپتال میں داخل
مردان میں کورونا کے چار مشتبہ کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے دو کو مردان میڈیکل کمپلکس میں داخل کروایا گیا ہیں جبکہ دو کو کلئیر قرار دیکر گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔
مردان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کے ترجمان ڈاکٹرجاوید اقبال نے کہا ہے کہ ایم ایم سی میں کورونا آئی سولیشن وارڈ میں آئے ہوئے چار مریضوں میں سے دو افراد کو کلئیر قرار دیکر گھروں کو واپس بھیج دیا گیا ہے جبکہ دو مشتبہ افراد کے نمونے حاصل کرکے این آئی ایچ ہسپتال اسلام آباد بھیج دئے گئے جن کا نتیجہ ابھی نہیں آیا ہے۔
ہسپتال ترجمان نے ان مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلے افواہوں کی تردید کی ہے اور کہا کہ ابھی تک کسی مریض میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں مریض چند دن پہلے باہر ممالک سے سفر کرکے آئے ہیں اور کورونا وائرس کی علامات کی بنا پر ہسپتال آئے ہوئے تھے۔ ایک مشتبہ مریض ترکی سے براستہ ایران جبکہ دوسرا طالب علم چین سے واپس آیا ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے بھی مردان میں کورونا وائرس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پھیلے افواہوں اور بحث مباحثوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے لہذا اس سلسلے میں افواہیں پھیلا کر لوگوں خوف و ہراس پھیلانے سے گریز کیا جائے۔