اسلام آباد میں امریکا سے آئی خاتون، کراچی میں سعودی پلٹ شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق
اسلام آباد اور کراچی میں کورونا کے دو مزید کیسز سامنے آئے ہیں جن کے ساتھ ملک میں اس خطرناک مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد 29 تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے داخل 30سالہ متاثرہ خاتون میں ہسپتال انتظامیہ نے کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے جو چنددن پہلے امریکا سے آئی ہیں اور انہیں آئسولیشن وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے بتایا ہے کہ مریضہ کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے صوبے میں ایک اور کیس کی تصدیق کی جس کے بعد سندھ میں کیسز کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی جبکہ پاکستان میں یہ تعداد 29 تک جا پہنچی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ کورونا سے متاثر ہونے والا شخص سعودی عرب سے پاکستان پہنچا تھا، جہاں اس میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
ادھر محکمہ صحت سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی میں سعودی عرب سے آنے والے 38 سالہ شخص کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد صوبے میںکیسز تعداد 16 ہوگئی تاہم ان میں سے 2 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں اور 14 زیر علاج ہیں۔
وزارت صحت و ریگولیشن نے پاکستان میں کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں وائرس سے متاثرہ تین افراد مکمل صحتیاب ہوگئے ہیں اور انہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
کورونا کے سب سے زیادہ 13 کیسز سندھ میں ہیں، بلوچستان میں 6 ،اسلام آباد میں 4 اور گلگت بلتستان میں 3 مریض ہیں۔ زیادہ تر مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور تاحال کسی بھی مریض کی موت واقع نہیں ہوئی۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں تعلیمی اداروں، شادی ہالز اور سینما گھروں کو بند کردیا گیا ہے جبکہ عوامی اجتماعات اور تقریبات پر پابندی لگادی گئی ہے۔
لاہور، اسلام آباد اورکراچی کے سوا تمام ایئرپورٹس پر فلائٹس آپریشن معطل کردیے گئے ہیں۔