خیبر پختونخوا

کورونا وائرس: خیبرپختونخوا میں ہیلپ لائن قائم کردیا گیا

 

خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وائرس کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے شہریوں کے لیے ہیلپ لائن کا اجرا کردیا جبکہ محکمہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل کو فوکل پرسن مقرر کردیا۔

کے پی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے حوالے سے ہیلپ لائن کا اجرا کر دیا گیا، شہری وائرس سے متعلق اطلاعات اور رہنمائی کے لیے 1700 پر مفت کال کر سکیں گے۔

صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ ہیلپ لائن سیکریٹری ریلیف کے زیر نگرانی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) میں قائم کی گئی ہے جہاں مستند ڈاکٹر صبح 9 سے رات 9 بجے تک عام شہریوں کی رہنمائی کے لیے دستیاب گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شہری ہیلپ لائن کے ذریعے ہفتہ اور اتوار کو بھی اطلاعات اور معلومات کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق صوبائی حکومت نے خیبر پختونخوا میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ہیلتھ سروسز ڈاکٹر طاہر ندیم کو اس حوالے سے صوبائی فوکل پرسن مقرر کردیا ہے۔

فوکل پرسن کورونا وائرس سے نمٹنے، بچاؤ اور تدارک کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔ کے پی حکومت نے اعلامیے میں کہا ہے کہ پبلک ہیلتھ کمیٹی خیبرپختونخوا نے 7 ڈویژنز کے کمشنرز کو آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی فار ہیلتھ ایمرجنسی مقرر کردیا۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ ان میں کمشنر پشاور، مردان ہزارہ، بنوں، مالاکنڈ، کوہاٹ اور ڈیرہ اسمٰعیل خان ڈویژن شامل ہیں جو اپنے زیر اختیار علاقوں میں صحت ایمرجنسی کے نفاذ اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیں گے۔

حکومت نے صوبائی وزیر صحت کی سربراہی میں کورونا وائرس کے حوالے سے اعلیٰ سطح کی اسٹریٹجک اوورسائٹ کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔ مذکورہ کمیٹی کورونا وائرس سے بچاؤ اور تدارک کے لیے تیاریوں اور اقدامات پر احکامات اور گائیڈ لائنز دے گی اور اس کمیٹی کو سکولوں، کالجوں اور بازار بند کرنے حوالے سے بھی فیصلہ سازی کا اختیار ہوگا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک مجموعی طور پر کورونا وائرس کے 19 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے دو مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button