قومی

اسلام آباد میں پاک فضائیہ کا طیارہ گرکر تباہ، پائلٹ شہید

 

اسلام آباد میں شکرپڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جب کہ اس میں سوار پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم بھی شہید ہوگئے۔ پاک فضائیہ کے مطابق طیارہ مشہور چاندتارا چوک  کے قریب جنگل میں گر کر تباہ ہوا جس کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور جائے حادثہ سے دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، طیارہ جس مقام پر گرا اس کے پیچھے پاکستان سپورٹس بورڈ امپلائی کالونی بھی واقع ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے حادثے کی تصدیق کردی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ ایف-16 طیارہ 23 مارچ یوم پاکستان پریڈ کے لیے ریہرسل کر رہا تھا کہ اس دوران  شکر پڑیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ ترجمان کے مطابق طیارے کے پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم بھی حادثے میں شہید ہوگئے۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ائیرہیڈکوارٹرز میں انکوائری بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق حادثے کی جگہ کو سیکیورٹی اداروں نے گھیرے میں لے لیا ہے، ریسکیو ٹیمیں بھی جائے حادثے پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

جہاں جس علاقے میں طیارہ گرا ہے وہاں آگ لگی دیکھی جا سکتی ہے جبکہ وہاں موجود بجلی کی تاریں بھی ٹوٹ کر زمین پر گر گئی ہیں جن پر سے لوگ پھلانگ پھلانگ کر طیارے کے ملبے کے قریب جانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اس سے قبل گذشتہ سال 29 جولائی کی شب بھی آرمی ایوی ایشن کا ایک چھوٹا طیارہ معمول کی پرواز کے دوران راولپنڈی میں آبادی پر گر گیا تھا جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button