لنڈی کوتل پریس کلب کی نمائندہ ٹی این این کو دھمکیوں کی شدید مذمت
لنڈی کوتل پریس کلب نے ٹی این این کے نمائندے محراب شاہ آفریدی کو دھکمیاں ملنے کی مذمت کی ہے اور حکومت سے معاملے کی انکوائری اور ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس حوالے سے پریس کلب ممبران کا ایک اجلاس صدر خلیل جبران آفریدی کی صدارت میں ہوا جس میں لنڈی کوتل پریس کلب کے جملہ صحافیوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں صحافی محراب شاہ آفریدی کو دی جانے والی دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ حکومت صحافیوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے اور صحافیوں کو مل جانے والی دھمکی آمیز کالوں کا سراغ لگا کر ان کے خلاف فوری کارروائی کرے۔
صدر خلیل جبران آفریدی نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے صحافیوں نے سخت حالات میں اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر رپورٹنگ کی ہے، اس ضمن میں بیشتر صحافی شہید ہوئے ہیں۔
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ٹی این این کے نمائندہ محراب آفریدی کو دی جانے والی دھمکیوں کے خلاف حکومت اور متعلقہ ادارے مل کر فوری اقدامات کریں اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
یاد رہے کہ یکم مارچ کو پشاور پریس کلب اور خیبر یونین آف جرنلسٹس سمیت خیبر پختونخوا اور ملک بھر کی صحافی برادری نے قبائلی ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے صحافی اور ٹی این این کے نمائندے محراب آفریدی کو دی جانے والی دھمکی آمیز کال کی مذمت کی تھی اور حکومت سے کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔