لکی مروت میں دوستی سے انکار پر 16 سالہ نوجوان، صوابی میں اخبار فروش قتل
لکی مروت کے علاقے ناور خیل میں دوستی سے انکار پر 16 سالہ لڑکے کو جبکہ صوابی میں اخبار فروش کو قتل کردیا گیا۔
لکی پولیس کے مطابق ملزم رمضان کافی عرصہ سے شفیع اللہ المعروف توری کو دوستی رکھنے پر مجبور کر رہا تھا، انکار پر اس نے فائرنگ کرکے معصوم لڑکے کو ابدی نیند سلا دیا، ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
مقتول شفیع اللہ کے چچا صلاح الدین نے رپورٹ درج کراتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ، ان کے بھائی علاؤ الدین اور بھتیجے شفیع اللہ زیڑ جانو جانے کے لئے گھر سے نکلے کہ راستے میں ملزم رمضان نے اچانک موٹر سائیکل پر نمودار ہوکر شفیع اللہ پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر دم توڑ گیا۔
مدعی نے پولیس کا بتایا کہ ملزم شفیع اللہ کو دوستی رکھنے پر مجبور کررہا تھا جس کے لئے وہ تیار نہ تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی جبکہ لاش گورنمنٹ سٹی ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
دوسری جانب ٹوپی ضلع صوابی میں اخبار فروش ناصر کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
زمرد سرحدی سکنہ ٹوپی محلہ سولئی نے تھانہ ٹوپی میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے بتایا کہ ان کے بیٹے ناصر کو پیر کی صبح نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا، وجہ قتل اور ملزمان معلوم نہیں۔
مقتول ناصر عرصہ دراز سے اباسین نیوز ایجنسی ٹوپی میں بحیثیت ہاکر کام کر رہے تھے اور جی آئی کے انسٹی ٹیوٹ کو اخبارات سپلائی کرتے تھے، مقتول کو پیر کے روز اپنے آبائی قبر ستان ٹوپی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔