‘قبائلی اضلاع کے لیویز فورس کو پولیس ٹریننگ کی کوئی ضرورت نہیں’
باجوڑ کے سابقہ رکن قومی اسمبلی شہاب الدین نے قبائلی اضلاع کے لیویز کو پولیس ٹریننگ دینے کی مخالفت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ فورس پہلے سے ہی تربیت یافتہ ہے۔
باجوڑ کے صدر مقام خار میں لیویز کے زیراہتمام جرگے سے خطاب کرتے ہوئے شہاب الدین کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں آج اگر امن قائم ہے تو یہ لیویز کی مرہون منت ہے لیکن بدقسمتی سے اب اس فورس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔
جرگہ میں باجوڑ کے دیگر قبائلی اور سیاسی قائدین بھی شریک تھے۔ اس موقع پر سابقہ رکن اسمبلی نے کہا کہ حکومت اور پولیس محکمہ کو چاہئے کہ لیویز کے چند تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ایف آئی آر اور تفتیش کے مرحلوں پر عبور حاصل کرنے کے لئے کوہاٹ کے تربیتی مرکز بھیج دیں جبکہ دیگر لیویز کو پولیس تربیت دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے قبائلی اضلاع میں اصلاحات کے رواں عمل پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اصلاحات اس سمت نہیں جارہیں جو سرتاج عزیز کمیٹی نے طے کیا تھا۔
شہاب الدین خان نے کہا کہ کئی دعووں اور وعدوں کے باوجود قبائلی اضلاع کو این ایف سی میں حصہ نہیں دیا گیا جو کہ افسوس ناک ہے۔
انہوں نے قبائلی اضلاع سے منتخب صوبائی اسمبلی اراکین کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ عوام نے انہین اپنی اواز اگے پہنچانے کے لئے منتخب کیا تھا لیکن اب ایسا لگ رہا ہے اقتدار کے نشے میں وہ لوگ اپنا مقصد بھول گئے ہیں۔ انہوں نے منتخب قبائلی نمائندوں پر زور دیا کہ اسمبلی فلور پر این ایف سی ایوارڈ سمیت اپنے عوام کے ہر حق کے لئے آواز اٹھائیں۔