’’متاثرین وانا سب ڈویڑن احمدزئی وزیر قبائل کو معاوضہ دو معاوضہ دو‘‘
قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے احمدزائی قبائل نے ڈھول کی تھاپ پر معاوضہ نہ دینے اور ٹی ڈی پیز لسٹ میں شامل نہ کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر ان کے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔
مظاہرین یہ نعرے کہ ’’متاثرین وزیر ستان احمدزئی وزیر قبائل اور متاثرین وانا سب ڈویڑن احمدزئی وزیر قبائل کو معاوضہ دو معاوضہ دو‘‘ لگاتے رہے اور مطالبہ کیا کہ حکومت وقت اور ضلعی انتظامیہ ہمارے جائز مطالبات تسلیم کرے، معاوضہ دینے کیلئے سروے ٹیمیں تشکیل دی جائیں ورنہ ہم مجبور ہو کر متفقہ طور پر پولیو سے بائیکاٹ کرنے کا اعلان کریں گے اور ساتھ ہی ضلعی ہیڈکوارٹر وانا میں مختلف رابطہ سڑکیں بھی بند کر دیں گے۔
مظاہرین نے وانا بائی پاس روڈ سے ریلی نکالی جس نے ببل گیٹ سے ہوتے ہوئے وانا بازار میں جلسہ کی شکل اختیار کرلی۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ 9/11 کے بعد مختلف چھوٹے و بڑے اپریشن میں سب سے زیادہ اور سب سے پہلے احمدزائی وزیر قبائل کے مالی و جانی نقصانات ہوئے لیکن حکومت نے اس وقت سے لیکر اب تک ہمیں معاوضہ دینا تو کنار متاثرین ہی نہیں تصور کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
متاثرین کیلئے 24 ارب 42 کروڑ روپے کی مالی معاونت جاری کی گئی
مظاہرین کی قیادت ملک عبدا لخالق وزیر،ملک محمد خان وزیر،ملک بہادر خان وزیر و دیگر کررہے تھے۔
احتجاج کے موقع پر تمام سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں، اے این پی کے آیاز وزیر، پختونخوا میپ کے خیال محمد وزیر، جماعت اسلامی کے سیف الرحمان وزیر، پی ٹی آئی کے ولی محمد وزیر اور پیپلزپارٹی جنوبی وزیرستان کے صدر آمان اللہ وزیر نے بھر پور حمایت اور ہر محاذ پر ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
مظاہرے کے دوران سیاسی رہنماؤں اور دیگر مقررین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی خاطر احمدزئی قبائل نے بیش بہا قربانیاں پیش کیں اور ملک کی سلامتی کیلئے پوری قوم نے پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ لڑنے کا اعلان کیا تھا لیکن حکومت کی جانب سے ان قربانیوں کا آج تک قوم کو کوئی صلہ نہیں ملا۔
انہوں نے کہاکہ مختلف آپریشنز میں شہداء اور زخمیوں کے علاوہ کثیر تعداد میں مکانات تباہ ہوئے، زیادہ تر گاڑیاں بھی جلا دی گئیں جبکہ اس وقت کی حکومت نے ہمارے ہونے والے نقصانات کا نوٹس تک نہیں لیا، معاوضہ دینا تو دور کی بات ہے۔