یوم یکجہتی کشمیر، بونیر میں سکھ برادری کے زیراہتمام ریلی کا انعقاد
یوم یکجہتی کشمیر پر آج جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر میں جلسے جلوس، مظاہرے، سیمینارز اور تقاریب کا اہتمام کیا گیا وہاں ضلع بونیر میں سکھ برادری نے بھی سڑکوں پر نکل کر کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا ہے۔
پیر بابا کے پاچا بازار میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقامی سیکھوں نے ایک ریلی کا اہتمام کیا جو تھانہ پیر بابا سے شروع ہو کر پاچا بازار کی جناز گاہ پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، پلے کارڈز اور بینرز پر یہ نارے درج تھے "کشمیر بنے گا پاکستان”، "کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے”، اور "کشمیر ہمارا ہے۔” ا
س موقع پر سابق ضلعی کونسلر سنت سنگھ نے کہا کہ پاکستان کی دھرتی ہمارے لیے ماں کی حیثیت رکھتی ہے اور ہم پاک فوج اور حکومت پاکستان کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جتنا تحفظ پاکستان کی اقلیتوں کو حاصل ہے یہ دنیا کے کسی ملک نے بھی نہیں دیا۔
ٹی این این کے ساتھ کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سنت سنگھ نے بتایا کہ کشمیری مسلمانوں پر ظلم ڈھایا جارہا ہے اور آج ہم پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور وزیراعظم پاکستان کی ہدایات پر آج ہم نے ریلی کا اہتمام کیا ہے۔
ریلی میں شریک پی ٹی آئی رہنما حاجی صدیق اللہ اور جانبر باچا نے ٹی این این کو بتایا کہ ہم سکھ بھائیوں کی اس ریلی میں شریک اس لیے ہوئے کہ ان کو اس بات کا احساس ہو کہ ہم مسلمان بھی اقلیت کی قدر کرتے ہیں۔
حاجی صدیق اللہ نے ضلع بھر میں دیگر تقاریب کے بارے میں بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے بھی اپنی تقریب میں مجھے مدعو کیا تھا مگر یہاں سکھ بھائیوں کو دیکھ کر وہاں جانے کو دل نہیں کر رہا تھا۔
پانچ فروری کے دن یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے اس ریلی کے علاوہ سواڑی چوک میں بھی جماعت اسلامی کے زیر اہتمام مظاہرہ کیا گیا جس میں مختلف سکولوں کے طلبا اور پارٹی کارکنان کے ساتھ عام لوگوں نے بھی شرکت کی۔
ضلعی انتظامیہ نے فاتح خان شہید حال میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں ڈپٹی کمشنر محمد خالد کے علاوہ ایم این اے شیر اکبر، ایم پی اے سید فخر جھان اور سرکاری و غیر سرکاری لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔