عاطف خان اور شہرام ترکئی کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات
وزیرِاعظم عمران خان سے ممبران صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا عاطف خان اور شہرام خان ترکئی نے ملاقات کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ممبران صوبائی اسمبلی نے خیبرپختوخوا کے سیاسی معاملات اور وزیر اعلی محمود خان سے اختلافات پر بات چیت کی اور وزیراعظم کو اپنے نکتہ نظر سے آگاہ کیا۔
خیال رہے کہ عاطف خان اور شہرام خان ترکئی سمیت خیبرپختونخوا کابینہ کے تین وزراء کو چند دن پہلے ہٹایا گیا ہے اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے خلاف سازش کی کوشش کی تھی لیکن عاطف خان اور شہرام ترکئی اس الزام کو رد کیا ہے۔
دوسری جانب برطرف کیے گئے سینئیر وزیر عاطف خان اور شہرام ترکئی نے شکوہ کیا تھا کہ ان کے خلاف سازش کی گئی ہے۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کے پروگرام ’آف دا ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عاطف خان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم ہے کہ ان کے خلاف کون سازش کر رہا ہے۔
عاطف خان نے مزید کہا کہ ’اب جو معاملات چل رہے ہیں ان میں سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا ہاتھ بھی ہو سکتا ہے۔
پروگرام میں شامل شہرام خان ترکئی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ عمران خان کو معلوم ہی نہیں ہے کہ انہیں کیا باتیں بتائی گئی ہیں۔
برطرفی کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ ’یک طرفہ فیصلہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اس پارٹی میں ہماری محنت بھی شامل ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ محمود خان وزارت اعلیٰ کے لیے عمران خان کے امیدوار تھے تو وہ کیسے اس کی مخالفت کر سکتے تھے۔ شہرام خان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں اختلافات اور تحفظات ہوتے ہیں جنہیں بات چیت کے ذریعے حل بھی کر لیا جاتا ہے۔