خیبر پختونخوا

اختلافات کی خبریں حکومتی صفوں میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش ہے۔ شوکت یوسفزئی

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمود خان نے نہ تو کسی کے خلاف کوئی چارج شیٹ بنائی ہے اور نہ ہی وزیراعظم کو ایسی کوئی چارج شیٹ پیش کی جارہی ہے۔

گزشتہ روز میڈیا کے ساتھ گفتگو میں شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمود خان معمول کی ملاقات میں وزیراعظم کو وزراء کی کارکردگی اور محکموں کی کارگزاری کے بارے میں مطلع کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان خود بھی صوبہ کے تمام امور کے بارے میں وزیراعلیٰ سے رپورٹ لیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمودخان معمول کے مطابق فرائض انجام دے رہے ہیں، ان کے خلاف کوئی پریشر گروپ نہیں بنا، اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کے خلاف کسی قسم کا کوئی گروپ نہیں بنایا۔

صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ نے رام پورہ بازار اور ہسپتال کے دورے کیے، اختلافات کی خبریں حکومت صفوں میں دراڑیں ڈالنے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کو ناکام بنانے کی کوشش ہے، میڈیا ایسی خبروں کو اڑانے سے گریز کرے اور خبر دینے سے پہلے تصدیق کرلیا کرے، ایسی خبروں سے صوبے سے متعلق بھی منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور اس سے میڈیا ہاﺅسز کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبائی کابینہ کے ایک سینئر رکن نے بیان جاری کیا تھا کہ صوبائی حکومت میں اقرباء پروری اور کرپشن حد سے متجاوز ہو چکی ہے جس کے خلاف 5 ورزء اور 20 اراکین اسمبلی نے استعفے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button