قومی

آٹے کے بعد چینی کی قیمت میں بھی اضافہ، خیبر پختونخوا میں نان بائیوں کی ہڑتال جاری

 

ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد چینی بھی مہنگی کردی گئی جس سے عوام کی پریشانی مزید بڑھ گئی۔ سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں فی کلو چینی 5 روپے اضافے کے ساتھ مہنگی کردی گئی جس کے باعث مٹھائی، کیک، بیکری آئٹمز اور دیگر میٹھی اشیاء کی قیمتوں میں 100 سے ڈیرھ سو روپے تک اضافہ کردیا گیا ہے۔

کراچی میں چینی کی قیمت میں 4 روپے اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد فی کلو چینی 78 روپے ہو گئی ہے جب کہ کوئٹہ میں فی کلو چینی 5 روپے اضافے کے ساتھ 80 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔

لاہور میں فی کلو چینی کی قیمت ڈھائی روپے بڑھا کر 80 روپے میں فروخت کی جارہی ہے جب کہ پشاور میں چینی کی قیمت 73 روپے فی کلو تھی جو اب 5 روپے اضافے کے بعد 78 روپے ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے جس کے باعث سندھ، خیبرپختونخو اور پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں اچانک اضافہ ہوا اور اس کی قلت بھی پیدا ہوگئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیا ہے اور بحران سے نمٹنے کیلئے گرینڈ آپریشن کی ہدایت کی ہے جب کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بحران سے نمٹنے کے لیے تین لاکھ میٹرک ٹن گندم برآمد کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

خیبرپختونخوا میں روٹی 60 روپے میں فروخت ہونے لگی

دوسری جانب خیبر پختونخوا میں نان بائیوں کی ہڑتال کا آج دوسرا دن ہے اور بعض علاقوں میں لوگ 60 روپے کی ایک روٹی خریدنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں آٹے کی قلت کے بعد نان بائیوں نے روٹی کی قیمت بڑھانے کے لیے ہڑتال کررکھی ہے جس کی وجہ سے پشاور اور ہزارہ ڈویژن کے بیشتر تندورآج بھی بند ہیں اور عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پشاور کے چارسدہ روڈ ، فردوس روڈ اور خیبر بازار سمیت بعض نان بائیوں کے تندور کھلے کھلی ہیں تاہم وہاں ایک روٹی 60 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔

نان بائیوں کی نمائندہ تنظیم کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے حکومت کے مقررہ نرخ پر روٹی کی فروخت ممکن نہیں ہے اس لئے سرکاری قیمت میں اضافہ کیا جائے۔

 

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button