خیبر پختونخوا

خیبرپختونخوا: آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مزید بارش اور برفباری کا امکان

 

پشاور سیمت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں اس وقت وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں مزید بارش جبکہ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برف باری کاامکان ہے۔

محکمے کے مطابق کل رات سے صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش او پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے، مالم جبہ میں 12 ملی میٹر،پارا چنار میں 9 ملی میٹر،بالاکوٹ میں 8 ملی میٹر،کاکول میں 5 ملی میٹر اور پشاور میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔

صوبے کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برف باری بھی ہوئی ہے جسکے مطابق مالم جبہ میں 6 انچ،پارا چنار میں 2 انچ،کالام میں 1 انچ اور دیر میں اعشاریہ 5 انچ برف باری ہوئی ہے۔

محمکہ موسمیات کے مطابق آج پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 8 اور زیادہ سے زیادہ 18 درجہ سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر کی برفانی تودوں سے متاثرہ وادی نیلم میں برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا اور خراب موسمی حالات کی وجہ سے بالائی علاقوں میں امدادی آپریشن روک دیا گیا۔

آزاد کشمیر کے شمالی اور وسطی علاقوں بشمول وادی لیپہ، اٹھ مقام، وادی شونٹھر، جاگران، سرگن، گریس، بالائی نیلم،کیل، شاردہ میں برفباری ہورہی ہے جبکہ مظفرآباد شہر میں بارش ہوئی۔

وادی نیلم کے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ سرتوڑ کوششوں کے باوجود بحال نہیں ہو سکا اور محکمہ شاہرات کی مشینری نے موسم صاف ہونے تک کام روک دیا ہے۔ وادی لیپہ کا زمینی راستہ بحال کرنے والی مشینری کو برفباری کی وجہ سے پیچھے ہٹا دیا گیا ہے۔ بالائی وادی نیلم میں ہزاروں افراد محصور ہیں اور خوراک کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

گلگت بلتستان میں بھی برفباری کا تیسرا مرحلہ شروع ہونے سے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، سردی اور برفباری کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوگئے جبکہ ادویات اور غذائی قلت کا سامنا ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button