گلوکارہ ماہ جبین قزلباش دل کا دورہ پڑنے پرہسپتال منتقل
پشتو کی معروف گلوکارہ مہ جبین قزلباش کو دل کا دورہ پڑنے پر ایل آر ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈاکٹرز کے مطابق ماہ جبین قزلباش کو گزشتہ رات دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد ان کو ہسپتال لایاگیا جہاں ڈاکٹرز نے معائنہ کے بعد ان کو پہلے سی سی یو اور پھر ای سی یو وارڈ منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹرز کے مطابق ماہ جبین کا علاج جاری ہے تاہم ان کی حالت سیریس ہے۔ واضح رہے کہ ماہ جبین قزلباش پشتو زبان کی مشہور گلوکارہ ہیں جنہوں نے پشتو کے ہزاروں گیت گائے ہیں اور اپنا ایک نام پیدا کیا ہے۔
ماہ جبین قزلباش سال 1965 میں پشاور میں پیدا ہوئی اور پشاور میں ہی پلی بڑھیں۔ ان کا بنیادی تعلق افغانستان کے ہرات سے ہے اور ان کے دادا نے ہرات سے قندہار اور باپ نے پشاور ہجرت کی تھی۔ انہوں نے قبائلی ضلعے اورکزئی سے تعلق رکھنے والے پشتو فلموں کے ہیرو ایمل خان سے شادی کی۔
ماہ جبین قزلباش نے 13 سال کی عمر میں گلوکاری شروع کی اور ابھی تک ان کی گلوکاری کا سفر 43 سال تک پہنچ گیا پے۔ ماہ جبین قزلباش کی مشہور گیتوں میں اوبہ دی وڑینہ، سپینی سپوگمئ وایہ، زہ خو ستا ستا یمہ اور مستہ ملنگہ دی کڑم شامل ہیں۔