قومی

نادرا کے مراکز میں خواجہ سراؤں کو صحت انصاف کارڈ دینے کے لیے خصوصی ڈیسک قائم

 

نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مراکز میں خواجہ سراؤں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کرنے کے لیے رجسٹریشن کی خصوصی ڈیسک قائم کردی گئی۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ان افراد کو صرف اپنے آپ کو خواجہ سرا بتانا ہوگا اور اس سلسلے میں انتہائی آسان طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا جس میں صرف ان کی ذاتی تصدیق کافی ہوگی جبکہ اس سلسلے میں کسی اور دفتر سے کسی قسم کی دستاویزی کاروائی درکار نہیں ہوگی‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’ہر خواجہ سرا کو پینل پر موجود 300 کے قریب سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں 7 لاکھ 20 ہزار روپے کی طبی سہولیات حاصل ہوسکیں گی‘۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزارت صحت نے ان تمام خواجہ سراؤں کو صحت کارڈ دینے کا آغاز کردیا ہے جو نادرا میں رجسٹرڈ یا قومی شناختی کارڈ کے حامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نادرا کا نیا رجسٹریشن سسٹم صحت کارڈ جاری کرنے والے متعلقہ دفتر سے منسلک ہوگا تا کہ فوری طور پر بغیر کسی رکاوٹ کے یہ سہولت فراہم کردی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میں مخنث کمیونٹی کے تمام افراد کو مشورہ دیتا ہوں کہ صحت سہولت پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے لیے رجسٹریشن کروائیں،ا س سلسلے میں نادرا کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے‘۔

صحت پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ 68 لاکھ خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کردیے گئے ہیں اور حکومت 2020 کے آخر تک تمام ڈیڑھ کروڑ مستحق افراد کا ہدف پورا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button