افغانستان، یونیورسٹی بس پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق 6 اساتذہ زخمی
افغانستان میں یونیورسٹی بس پر مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 اساتذہ زخمی ہو گئے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبائی پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبہ بغلان کے دارالحکومت پل خورمی میں مسلح افراد نے ایک یونیورسٹی بس پر اچانک فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں بس ڈرائیور اور ایک طالبعلم جاں بحق جبکہ 6 اساتذہ زخمی ہو گئے۔
زخمی اساتذہ کو فوری طور پر ہسپتال داخل کر دیا گیا، فوری طور پر کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
یاد رہے کہ 13 مارچ کو افغانستان کے مغربی صوبے ہرات میں کار بم دھماکے میں کم از کم 8 افراد جاں بحق 50 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک اور زخمی ہونے والوں میں 11 زخمی افغان سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جبکہ دیگر میں خواتین اور بچوں سمیت عام شہری شامل تھے۔