کابل، طالبان کے حملے میں 28 پولیس اہلکار جاں بحق، 3 فرار
افغانستان کے جنوبی حصے میں طالبان کے سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر رات گئے متعدد حملوں میں 28 افغان پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق اروزگان صوبے کے گورنر کے ترجمان زیلگئی عابدی نے کہا کہ طالبان کے جنگجوؤں نے 28 مقامی اور قومی پولیس اہلکاروں کو پیشکش کی کہ اگر وہ سرینڈر کر دیں تو انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی، تاہم ان سے ہتھیار لینے کے بعد طالبان نے تمام اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔
طالبان کے ترجمان قاری محمد یوسف احمدی نے حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ مسلح گروپ نے علاقے کی پولیس کی جانب سے جنگوؤں کے سامنے سرینڈر نہ کرنے پر انہیں ہلاک کیا۔
ایک اور مقامی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ طالبان کے حملوں میں کم از کم 28 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ 3 فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
پولیس اہلکاروں کی مدد کے لیے اضافی نفری چیک پوائٹس پر وقت پر نہ پہنچ سکی تاہم زیلگئی عابدی نے کہا کہ بعد ازاں افغان سیکیورٹی فورسز نے چیک پوائنٹس کا دوبارہ کنٹرول سنبھال لیا۔