عوام کی آواز

باڑہ میں مبینہ طور پر طالب علم اغواء، طلبہ کا واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

شاہ نواز آفریدی

ضلع خٰیبر تحصیل باڑہ سے تعلق رکھنے والے بارہویں جماعت کے طالب علم ابوبکر کو مبینہ طور پر نامعلوم افراد نے اپنے گھر کے قریبی دکان سے اٹھا لیا جس کے خلاف گورنمنٹ ڈگری کالج کوہی شیر حیدر کے طلباء نے اپنے ساتھی طالب علم کی بازیابی کے لئے باڑہ بازار خیبر چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

احتجاجی مظاہرے میں شریک طلباء نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ سمیت حکومت سے طالب علم کی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے ساتھی طالب علم کو فی الفور رہا کیا جائے جبکہ اگر وہ کسی جرم میں ملوث ہے تو ایف آئی ار درج کرکے عدالت کے سامنے پیش کیا جائے بصورت دیگر ہماری احتجاج طالب علم ابوبکر کی رہائی تک جاری رہے گی۔

ٹی این این سے بات کرتے ہوئے ابوبکر کے بڑے بھائی ذاکر آفریدی نے بتایا کہ ہماری نہ کسی سے کوئی دشمنی ہے اور نہ کوئی تنازعہ ہے۔ ذاکر نے بتایا کہ ان کا پاک اسلامک سکول کے نام سے ایک نجی سکول ہے جس میں ابوبکر پریپ اور نرسری کلاس کے طلباء کو سبق پڑھایا کرتے ہیں اور قریبی گورنمنٹ ڈگری کالج کوہی شیر حیدر ملک دین خیل میں بارہویں جماعت کے انجینئرنگ کے طالب علم ہونے کے ساتھ ساتھ دوپہر کے بعد سکول کا کینٹین، جوکہ باہر کی طرف دکان بھی ہے، چلاتے ہیں۔

ابوبکر کے بڑے بھائی ذاکر آفریدی نے بتایا کہ گزشتہ روز پندرہ مارچ کو دو بجے کے قریب جب وہ دکان میں موجود تھے کہ اس دوران کالے شیشوں والی موٹر کار میں سوار سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے ابوبکر کو آواز دی جیسے ہی وہ ان کے قریب آئے تو انہوں نے ابوبکر کو زبردستی گاڑی میں ڈالا اور اپنے ساتھ لے گئے۔

ذاکر نے بتایا کہ انہوں نے ابھی تک اس واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی تاہم کالج کی جانب سے ان کو ایک سرٹیفیکیٹ بھی دیا گیا جس میں ابوبکر کے ریگولر طالب علم ہونے کی تصدیق کی گئ ہے۔

اس سلسلے میں باڑہ بازار خیبر چوک میں احتجاج کرنے والے منتظمین نے بتایا کہ احتجاج کو ایس ایچ او تھانہ باڑہ کے ساتھ مذاکرات کے بعد ان کے درخواست پر 24 گھنٹوں کے لئے موخر کردیا گیا تاہم طالب علم کی عدم بازیابی کی صورت میں مشاورت کرکے ہفتے کے روز آئندہ کے لئے فیصلہ کیا جائے گا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button