عوام کی آوازقبائلی اضلاع

تیراہ: آئس کے استعمال میں اضافہ تشویشناک، پولیس اقدامات اٹھائے۔ مشران

ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کے دورافتادہ پہاڑی علاقے تیراہ کے مشران نے علاقہ میں آئس نشہ کے استعمال میں اضافے کو تشویش ناک قرار دیتے ہوئے پولیس سے اس سلسلے میں اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق ڈی پی او خیبر وسیم ریاض کی خصوصی ہدایت پر عوامی مسائل اور بالخصوص امن و امان کے حوالے سے منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے علاقہ مشران نے کہا کہ اس وباء سے ہماری نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، جس کی روک تھام کے لیے ضروری ہے کہ پولیس حکام عملی اقدامات اٹھائیں جبکہ علاقے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے نام پر مقامی عوام کو غیرضروری تنگ کرنے سے مسائل پیدا ہوتے ہیں جس سے گریز کرنا چاہئے۔

اس موقع پر ایس ایچ او تیراہ میدان شاہ خالد آفریدی سمیت مقامی عمائدین، تیراہ تاجر ایسوسی ایشن کے عہدیدار، سیاسی و سماجی شخصیات اور نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

کھلی کچہری کے موقع پر مقامی عمائدین نے علاقے میں جنگلی لکڑی کے آزادانہ استعمال، یوریا کھاد پر عائد پابندی ختم کرنے اور تباہ شدہ مکانات کے سروے کرنا جیسے دیگر مسائل بھی سامنے رکھ دیئے جس پر ایس ایچ او تیراہ میدان شاہ خالد آفریدی نے کہا کہ ہم یہاں عوام کی خدمت کے لیے تعینات کئے گئے ہیں اور ہمیں مل کر اس علاقے کو آئس جیسے زہریلے نشے سے پاک بنانا ہے جبکہ امن و امان کی فضا خراب کرنے کا کسی کو بھی حق حاصل نہیں ہے۔

ایس ایچ او تیراہ میدان نے شرکاء سے کہا کہ لکڑی کے آزادانہ استعمال، گھروں کے سروے اور یوریا کھاد پر عائد پابندی کے بارے اپنے مشران سے بات کریں گے جبکہ مقامی سطح پر امن و امان قائم رکھنے سمیت آئس نشہ کے خلاف کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، جس کے لیے ضروری ہے کہ تیراہ میدان کے مقامی رہائشی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button