عوام کی آوازقبائلی اضلاع
باجوڑ میں 31 سالہ قبائلی دشمنی کا خاتمہ، عمر خیل کے دو گروپوں میں صلح

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ماموند عمر خیل قبائل کے دو گروپوں خڑی خیل اور المازے کے درمیان 31 سال سے جاری دشمنی صلح میں بدل گئی۔ زمین کے تنازع پر شروع ہونے والی اس دشمنی میں اب تک 71 افراد جانبحق اور سینکڑوں زخمی ہو چکے تھے۔
ضلعی انتظامیہ کی مسلسل کوششوں اور مقامی مشران کے کردار کے باعث فریقین کے درمیان باقاعدہ صلح طے پا گئی، جس کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر، ارکانِ اسمبلی، اعلیٰ سول حکام اور دونوں فریقین نے شرکت کی۔
فریقین نے ایک دوسرے سے گلے مل کر دشمنی ختم کرنے کا اعلان کیا اور علاقے میں صلح کے موقع پر جشن منایا گیا۔ انتظامیہ نے اس مفاہمت کو علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔