”ہمیں علم نہیں سکول میں کون سا استاد تعینات ہے”
ضلع خیبر: باڑہ شین کمر سکول کے طلبہ نے سکول میں سٹاف کی کمی اور دیگر مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے باڑہ تیراہ روڈ کو تین گھنٹے تک احتجاجاً بند رکھا۔
زرائع کے مطابق دور افتادہ پہاڑی شین کمر کے علاقے میں قائم گورنمنٹ عباس ماڈل سکول کے طلباء نے سکول میں سٹاف کی کمی اور دیگر سہولیات کی عدم فراہمی پر احتجاج کرتے ہوئے شین کمر کے مقام پر باڑہ تیراہ روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا جس کی وجہ سے تین گھنٹوں تک باڑہ اور تیراہ کے درمیان آمد و رفت معطل رہی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں برائے نام سکول قائم کئے گئے ہیں اور انہیں سٹاف فراہم نہیں کیا گیا اور نہ ہی ہمیں علم ہے کہ سکول میں کون سا استاد تعینات ہے، جس کی وجہ سے پسماندہ علاقے کے طلباء تعلیم کی سہولیات سے متاثر ہو رہے ہیں۔
احتجاج کے موقع پر سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے طلباء سے مذاکرات کئے اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل متعلقہ اداروں تک پہنچائے جائیں گے جس کے بعد مظاہرین پر امن طریقے سے منتشر ہو گئے۔