مہمند ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ثمرات عوام کو ملنا شروع، طلباء کے لیے مفت ٹرانسپورٹ کا آغاز
مہمند ہائیڈرو پاورپراجیکٹ کی جانب سے طلباوطالبات کی سہولت کیلئے مفت ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔
افتتاحی تقریب میں پراجیکٹ ڈائریکٹر مہمند ڈیم بریگیڈیئر امتیاز‘ڈائریکٹرز مقبول بنگش‘محمدجاوید آفریدی‘محمدطارق‘ڈپٹی کمشنر غلام حبیب و دیگر نے شرکت کی۔
اس موقع پر مفت ٹرانسپورٹ سروس کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا جس میں ضلع کی تمام تحصیلوں کیلئے 10گاڑیاں فراہم کردی گئیں جو کہ روزانہ کی بنیاد پر طلباوطالبات کو تعلیمی اداروں تک لے جانے اور واپس لانے کی ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمند ڈیم پراجیکٹ کے ڈائریکٹرجنرل بریگیڈیئر امتیاز نے مہمند ڈیم پر جاری کام کے بارے میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے اور یہ اپنے مقررہ مدت میں تکمیل کو پہنچے گا جس سے ملک کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر خوشحالی آئیگی۔
انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے ذریعے علاقے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پرساڑھے چار ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جائیگی جس میں آمدورفت کیلئے سڑکیں‘سکول‘ہسپتال‘پانی کے منصوبے‘خواتین کیلئے دستکاری اور سکلز سنٹرز اور دورے ترقیاتی منصوبے شامل ہیں جس سے عوام کو فائدہ پہنچے گا اور علاقے میں خوشحالی آئے گی اور یہ رقم ڈیم کیلئے مختص فنڈ کے علاوہ ہیں۔
اس موقع پر مقامی مشران نے درپیش مسائل بیان کیے اورکہا کہ اس پراجیکٹ سے مقامی لوگوں کو ترجیحی بنیادوں پر فوائد ملنے چاہئیں تاکہ علاقے کی پسماندگی کا خاتمہ ہو سکے ‘‘تقریب میں شریک مشران اور سیاسی اور سماجی شخصیات نے منصوبے کی تکمیل میں مکمل حمایت اورتعاون کایقین دلایا۔