مہمند: رامت کور کے عمائدین کا رکن قومی اسمبلی ساجد خان پر غیرقانونی لیز دینے کا الزام
ضلع مہمند کی تحصیل بائیزئی گاؤں رامت کور کے عمائدین نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ساجد خان پر غیرقانونی لیز دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت لیز کے معاملے پر احتیاط سے کام لے بصورت دیگر خون ریز تصادم کا خدشہ ہے۔
ملک حاجی حبیب الرحمن،حاجی اکبرخان، حاجی سرورخان،حاجی ظہیراللہ،،حاجی مشتاق،حاجی اودل،حاجی سلام خان،حاجی نثار،حاجی عصمت،حاجی مندا خان، حاجی شیرزمان، حاجی منان اورجملہ مشران نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے لائق ولدیوسف،لیاقت علی ولدیوسف نے ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے رامت کور پہاڑ میں معدنیات کی لیزجعلی طریقے سے اپنے نام کرنے کی کوشش کی جسے ابتدائی طور قوم نے ناکام بنا دیالیکن اب یہ باتیں سامنے آرہی ہیں کہ تحریک انصاف کے ایم این اے ساجد خان مذکورہ پہاڑ کے لیز کیلئے میدان میں اتر آئے ہیں.
انہوں نے واضح کیا کہ اگر پہاڑ کے لیز میں زور زبردستی کی گئی تو ہم خاموش نہیں رہیں گے اور اپنا حق حاصل کرنے کیلئے ہر حد تک جائیں گے جس میں صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنے سمیت بنی گالہ جانے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے خبردارکیاہے کہ اگرانتظامیہ نے اسی طرح دونمبرلوگوں کی معاونت اوردوبارہ لیزمنظورکرانے کی کوشش کی تواس کے بعد ہونے والے سارے مالی وجانی نقصان کی ذمہ دارضلعی انتظامیہ کے افسران ہوں گے۔
عمائدین نے وزیراعظم عمران خان، گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان اور وزیراعلیٰ محمود خان سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لے۔