خیبر: دوران سروس وفات پانے والے پولیس اہلکاروں کے بچوں کو نوکری دینے کا سلسلہ شروع
ضم شدہ اضلاع کی تاریخ میں پہلی بار ضلع خیبر پولیس نے دوران سروس وفات پانے والے چار اہلکاروں کے بچوں کو محکمہ پولیس میں بھرتی کے کاغذات حوالہ کئے.
اس موقع پر ڈی پی او خیبر وسیم ریاض نے ملازمت پانے والے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے اسلاف کی راہ پر چلتے ہوئے محکمہ پولیس کے وقار میں مزید اضافہ کا باعث بنیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں پہلے سے ہی دوران ملازمت فوت ہونے والے پولیس اہلکاروں کے بچوں کے بھرتی ہونے کا عمل جاری ہے جبکہ ضلع خیبر میں پہلی مرتبہ پولیس اہلکاروں کے بچوں کو بھرتی کیا جا رہا ہے جس سے دوران سروس وفات پانے والے پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کے غم کا مداوا ممکن ہو سکے گا.
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع خیبر وسیم ریاض نے مزید کہا کہ سابقہ لیویز اور خاصہ دار فورس کو باقاعدہ طور پر خیبرپختونخوا پولیس میں ضم کر دیا گیا ہے جس کے تحت تمام جوانوں کو جدید تربیت کا عمل بھی شروع ہے جس سے پولیس جوانوں کے استعداد کار میں مزید نکھار سامنے آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ثناء اللہ عباسی اور کپیٹل سٹی پولیس آفیسر احسن عباس کے احکامات کے عین مطابق ضلع خیبر کے پولیس میں اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے جس کے تحت دیگر اضلاع میں پولیس کو ملنے والے مراعات اور سہولیات کو ضلع خیبر پولیس تک توسیع دی جا رہی ہے جس سے جوانوں و اہلکاروں کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔