جانبداری کا الزام، ایس ایچ او تھانہ جمرود کے خلاف احتجاج
جمرود، اراضی تنازعات میں مبینہ جانبداری پر جمرود کے عوام مقامی ایس ایچ او کے خلاف سڑکوں پر آ گئے۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق بجلی گریڈ سٹیشن کے سامنے پاک افغان شاہراہ پر ملانوں کلے کے افراد نے ایس ایچ او تھانہ جمرود کے خلاف احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی، اس موقع پر سڑک کی بندش کے باعث چھوٹی بڑی گاڑیوں کی لمبی قطاریں بن گئیں۔
مظاہرین نے اس موقع پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او جمرود امجد آفریدی زمینی تنازعات میں فریق بنا ہوا ہے جس کی وجہ سے جمرود کا آمن و امان داؤ پر لگا ہے، فریقین میں خون خرابہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ملانوں کلے میں دن دہاڑے مسجد میں نماز جمعہ کے دوران فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے۔
مظاہرین نے واضح کیا کہ ایس ایچ او کے خلاف کاروائی تک روڈ بند رہے گا۔
یاد رہے کہ 12 مارچ کو جمرود کے علاقے دو غنڈو میں زمینی تنازعہ پر ایک دوسرے پر فائرنگ کرنے والے دو گروپوں کے خلاف ڈی پی او خیبر وسیم ریاض کی نگرانی میں آپریشن کیا گیا تھا، دونوں فریقوں سے اسلحہ برآمد، 12 ملزمان گرفتار جبکہ تمام مورچے بھی مسمار کر دیئے گئے تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر کے مطابق جمعہ کو ضلع خیبر کی تحصیل جمرود دو غنڈو کی متنازعہ زمین پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا، ایس ایچ او جمرود بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے تو فریقین نے پولیس نفری پر فائر کھول دیا جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او جمرود سیف اللہ فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے۔