جمرود، نیاز محمد شہید کے بچوں کو شہدا پیکج و دیگر مراعات دینے کا اعلان
جمرود، آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ثناء اللہ عباسی کی شہید ایڈیشنل ایس ایچ او جمرود نیاز محمد آفریدی کے حجرے آمد، لواحقین اور شہید کے چھوٹے بچوں سے ملاقات کی۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق آئی جی پی کے ہمراہ سی سی پی او پشاور احسن عباس و ڈی پی او خیبر وسیم ریاض بھی موجود تھے۔
اس موقع پر آئی جی پولیس خیبر پختونخواہ ثناء اللہ عباسی نے شہید ایڈیشنل ایس ایچ او جمرود نیاز محمد کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی اور کہا کہ شہید نیاز محمد آفریدی کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی کیونکہ یہ وہ ہیروز ہیں جن کی شہادت اور جرت مندی کے باعث ملک دشمن عناصر اور جرائم پیشہ افراد اپنے گھناؤنے فعل میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔
آئی جی ثناء اللہ عباسی نے کہا کہ شہید ایڈیشنل ایس ایچ او جمرود کے اہلخانہ کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کیا جائے گا،شہید کے بچوں کو خیبر پختونخوا پولیس شہداء کے طرز پر شہدا پیکیج اور دیگر مراعات دیئے جائیں گے۔
قبل ازیں سمگلروں اور جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ فائرنگ میں شہید ہونے والے ایڈیشنل ایس ایچ او نیاز محمد کی نمازِ جنازہ پولیس لائین خیبر میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی تھی۔
یاد رہے اتوار کے روز جمرود کے علاقہ علی مسجد میں سمگلروں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایڈیشنل ایس ایچ او نیاز محمد شہید جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔