طورخم، پریشر ککر پھٹنے سے ایف سی کے 4 اہلکار زخمی
خیبر طورخم بارڈر اقبال پوسٹ میں کھانا تیار کرنے کے دوران پریشر ککر پھٹنے سے 4 ایف سی اور سیکورٹی فورسز کے جوان زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر اقبال پوسٹ پر کھانا پکانے کے دوران مبینہ طور پر پریشر ککر پھٹنے سے چار ایف سی اہلکار لائس نائک صبور، سپاہی زبیر، سپاہی زاہداللہ اور سپاہی اضغر علی زخمی ہو گئے۔
واقعہ کے بعد زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے لنڈی کوتل سی ایم ایچ ہسپتال اور وہاں سے تمام زخمیوں کو پشاور سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
جمرود پولیس کی لالا کنڈو چیک پوسٹ روڈ پر کاروائی،14 پیکٹ چرس برآمد
دوسری جانب جمرود پولیس نے لالا کنڈو چیک پوسٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 14 پیک چرس برآمد کر لی۔
نمائندہ ٹی این این کے مطابق ایس ایچ او جمرود امجد آفریدی کو منشیات سمگل کرنے کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس پر اے ایس ائی آصف نے لالاکنڈو تودہ مینہ روڈ پر ناکہ بندی کی۔
ناکہ بندی کے دوران ایک راہ گزرتے ہوئے مزدور کو شک کی بناء پر روکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم مزدور نے اپنا سامان چھوڑتے ہوئے رات کی تاریکی میں دوڑ لگاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے اس کا پیچھا کیا اور روکنے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی تاہم ملزم تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جبکہ چھوڑے گئے سامان کی تلاشی پر 14 پیکٹ چرس برآمد ہوئی جس کو فوری طور پر قبضے میں لے کر جمرود تھانے منتقل کر دیا گیا۔