باجوڑ کے 18 اقوام کا معدنیات لیز کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
سول کالونی خار باجوڑ میں پٹوار ی دفتر کے سامنے ضلع باجوڑ تحصیل خار کے علاقہ غونڈو کے 18 اقوام کے مشران نے اپنے پہاڑپر چوردورازے سے آکر لیز کرنیوالوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے حاجی ساؤ، حاجی قادر، فردول، حاجی حضرت اللہ، حاجی شہزادہ، ملک زرے، باچا محمد، گل زالی، حاجی ستار، گل زمین اور دیگر نے خطاب کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہم اپنے پہاڑ پر غیروں کا لیز کسی صورت نہیں مانتے اور لیز اُن لوگوں کو ملے گا جو18 اقوام کو منظور ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر چور دروازے سے ہمارے پہاڑ پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں اور لیز کراتے ہیں لہٰذا ہم حکومت، محکمہ معدنیات اور دیگر اعلیٰ حکام کو خبردار کرتے ہیں کہ ہمارے مشاورت کے بغیر دیا جانیوالا لیز ہم کسی بھی صورت نہیں مانتے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے 18 اقوام کے مشاورت کے بغیر کوئی بھی لیز یا این او سی دیاگیا تو پھر جو بھی نقصان ہوا اُسکی ذمہ داری حکومت اور لیز دینے والوں پر ہوگی۔
مقررین نے کہا کہ ہم سول کالونی خار میں احتجاج کررہے ہیں اگر ہمارے مطالبات پر غور نہ ہوا تو ہم مجبور ہوکر سڑکوں پر نکل آئیں گے اور مین شاہراہوں کو بلاک کردینگے اور اس کے بعد بھی غورنہیں ہوا تو پہلے مرحلے میں پشاور اور پھر اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج کرینگے۔