وی باک قانون سے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔ تاجر برادری پاراچنار
ضلع کرم کی تاجر برادری نے کہا ہے کہ افغان بارڈر پر نت نئے قوانین کے نفاذ سے انہیں مختلف قسم کے مسائل کا سامنا ہے اور وی باک کے نئے قانون سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
پاراچنار میں احتجاجی مظاہرے اور میڈیا سے بات چیت میں ٹریڈ یونین کے صدر ملک زرتاج حسین، نائب صدر سید جمشید حسین، عادل خان منگل اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر تجارت کیلئے نت نئے قوانین کا نفاذ ان کے لئے مشکلات کا باعث بن رہا ہے، اب وی باک کا طریقہ کار جس سے چیکنگ اور آمدورفت کے عمل میں مزید وقت کا ضیاع ہو گا اور سبزیوں اور مرغیوں سمیت خوراکی اشیاء خراب ہوں گی اس وجہ سے وی باک سسٹم کسی صورت قبول نہیں ہے۔
تاجروں نے مطالبہ کیا کہ دیگر بارڈرز کی طرح یکساں قوانین خرلاچی بارڈر پر بھی متعارف کئے جائیں۔
تاجروں نے کہا کہ وی باک سسٹم ضلع کرم میں ناممکن ہے کیونکہ خرلاچی بارڈر پر بجلی اور نیٹ کی سہولت موجود نہیں ہے اور نیٹ کیلئے افغان موبائل سم کا استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاجروں کو ریلیف دیا جائے تاکہ تجارت میں اضافہ ہو سکے اور تاجروں کے مسائل حل ہو سکیں۔
تاجر رہنماؤں نے پاک فوج، وفاقی و صوبائی حکومت اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ تاجروں کے مسائل کے حل اور تجارت کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھائیں۔