پاڑہ چنار میں شادی کی تقریب ماتم میں تبدیل، مکان کی چھت گرنے سے 8 افراد جاں بحق
ضلع کرم پاڑہ چنارمیں شادی کی تقریب کے دوران دو منزلہ کچے مکان کی چھت گرنے سے 8 افراد جاں بحق اور بیس سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
سرحدی علاقے پیواڑ غنڈیخیل میں شادی کا گھر ماتم کدے میں تبدیل ، شادی کے تقریب کے دوران دو منزلہ کچے مکان کی چھت گرنے سے کم عمر بچیوں سمیت آٹھ خواتین جاں بحق ہوگئی ہیں بیس سے زائد زخمی ہوگئی ہیں علاقے کی فضا سوگوار ہے۔
پولیس اور ہسپتال ذرائع کے مطابق سرحدی علاقے پیواڑ غنڈیخیل میں صوبیدار میر غلام کے گھر شادی کی تقریب کے دوران گھر کی چھت اچانک زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں شادی میں شریک خواتین بچے اور بچیاں ملبے تلے دب گئے حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کاروائیاں شروع کی اور زخمیوں کو ملبے سے نکالنا شروع کیا اس دوران ریسکیو 1122 سمیت دیگر امدادی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پاڑہ چنار کے ڈی ایم ایس ڈاکٹر قیصر عباس کے مطابق حادثے میں کم عمر بچوں اور بچیوں سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہوگئی ہیں جبکہ تیس سے زائد خواتین بچے اور بچیاں زخمی ہوگئی ہیں اہلیان علاقہ کے مطابق ریٹائرڈ صوبیدار میر غلام ایک غریب شخص ہے اور ایف سے ریٹائرمنٹ کے بعد محنت مزدوری کرکے بچوں انتہائی مشکل حالات میں بیٹے کی شادی کروائی اور ایک کچے کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے انہوں نے حکومت سے ریٹائرڈ صوبیدار میر غلام اور جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کیساتھ بھر پور مالی معاونت کا مطالبہ کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ضلع کرم ڈاکٹر آفاق وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ پیواڑ میں ہونے والے افسوس ناک واقعے کے بعد ضلعی انتظامیہ کے افسران اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور امدادی کاروائیاں کرکے زخمیوں کو ملبے سے نکال دیا اور ہسپتال پہنچا دیا۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ایف ڈی ایم اے کو متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن امداد کرنے کا کہا گیا ہے اور زخمیوں کی بہتر طریقے سے علاج معالجہ کیلئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ متاثرین کی مالی معاونت بھی کی جائے گی ڈپٹی کمشنر نے مقامی لوگوں سے بھی زخمیوں کیلئے خون کے امداد کی اپیل کی ہے۔