قبائلی اضلاع

باڑہ کے نجی سکول میں کرونا کے 17 مثبت کیسز آنے پر ادارہ بند

ضلع خیبر باڑہ میں کورونا وباء نے سکول کے بچوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ کورونا کی دوسری لہر میں پہلی مرتبہ باڑہ کے ایک نجی سکول میں 17 کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر انتظامیہ متحرک ہوگیا اور باڑہ بازار میں قائم گل پبلک سکول کو بند کردیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق مذکورہ سکول میں 17 بچوں میں کورونا وائرس کے کیس سامنے آنے سے مقامی انتظامیہ نے ہنگامی بنیاد پر سکول کو غیر معینہ مدت تک بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

سکول میں کرونا کے 17 کیسز رپورٹ ہونےکے بعد علاقائی لوگوں میں ایک بار پھر کوروناوباء کے حوالے سے خوف پھیل گگیا ہے۔ گزشتہ روزکرونا خدشات کے باعث ضلعی انتظامیہ کے اسسٹنٹ کمشنر باڑہ نیک محمد کی نگرانی میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر خالد خان اور ایس ایچ او ملک اکبرآفریدی نے متاثرہ نجی سکول کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے سکول انتظامیہ کو کرونا ایس او پیز کے مطابق بند کرنے کی ہدایات جاری کردی۔

واضح رہے گزشتہ روز ضلع کرم میں بھی کورونا وائرس کے 48 پازیٹیو کیسز سامنے آنے پر بے نظیر ڈگری کالج پاراچنار سمیت تین تعلیمی ادارے بند کر دیئے گئے تھے۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ضلع کرم ڈاکٹر عطاء اللہ کی زیرصدارت کورونا سے بچاؤ کا کوئی لائحہ عمل طے کرنے کیلئے ہنگامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

ڈی ای او کے مطابق ضلع کرم میں کورونا وائرس کے 48 پازیٹیو کیسز سامنے آئے ہیں، تین تعلیمی اداروں کے سٹاف ممبران اور طلبہ کے بھی کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آئے ہیں جس کے بعد بے نظیر ڈگری کالج پاراچنار سمیت تین تعلیمی اداروں کو اگلے احکامات تک بند کر دیا گیا اور متاثرہ تعلیمی اداروں کے طلبہ اور عملے کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button