قبائلی اضلاع

طورخم، خوگا خیل قوم نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا

ضلع خیبر کی خوگا خیل قوم نے انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات پر طورخم بارڈر پر جاری دھرنا ختم کر دیا۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق لنڈی کوتل کے اسسٹنٹ کمشنر محمد عمران اور خوگہ خیل قوم کے مشران کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد طورخم امپورٹ ٹرمینل میں احتجاجی دھرنا ختم کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ ضلع خیبر طورخم بارڈر پر این ایل سی امپورٹ ٹرمینل میں گذشتہ دو دنوں سے خوگہ خیل عوام کا احتجاجی دھرنا جاری تھا جس پر خوگہ خیل قبیلے کے 8 افراد بھی گرفتار کئے گئے تھے، انہیں بھی رہا کر دیا گیا ہے۔

مذاکرات کے موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی شفیق شیر آفریدی، پولیس کے ایس ایچ او ابراہیم شینواری اور دیگر مشران بھی موجود تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر محمد عمران نے کہا  کہ 10 نومبر کو خوگہ خیل کے مشران، نوجوانان اور ایف بی آر و این این ایل سی حکام کے درمیان ضلعی انتظامیہ کی سربراہی میں موجودہ مسئلہ کے حل کے لئے جرگہ ہو گا جس میں طورخم ٹرمینل کے موجودہ مسئلے پر بات چیت کی جائے گی اور اسے پرامن طریقے سے حل کیا جائے گا۔

احتجاجی دھرنا کو ہر امن طریقے سے ختم کرنے اور مذکورہ مسئلہ کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر خوگہ خیل قبیلے کے عوام نے ضلعی انتظامیہ اور دیگر مشران کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ دو روز قبل ہی حکومت نے طورخم میں برسراحتجاج قوم خوگا خیل کے مطالبات منظور کرتے ہوئے زمین کی سالانہ رقم جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق لنڈیکوتل کے اسسٹنٹ کمشنر محمد عمران نے ایف بی آر کی طرف سے طورخم زمین کے سالانہ 2 کروڑ 31 لاکھ 52 ہزار پانچ سو روپے کے چیک خوگہ خیل مشران کے حوالے کئے تھے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button