کرم، گاڑی پر فائرنگ سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق
اپر کرم کے علاقے شلوزان میں گاڑی پر فائرنگ کے واقعے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق جبکہ دو کمسن بچے زخمی ہو گئے، پولیس نے قتل کے الزام میں چھ گرفتار کر لئے ہیں، دوسری جانب آج سینکڑوں اشکبار آنکھوں کے سامنے جاں بحق افراد کی تدفین آبائی قبرستان شلوزان میں کر دی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق اپر کرم کے علاقے شلوزان میں مسلح افراد نے زیرتعمیر مکان میں مزدوروں کو کھانا لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انجنیر اسد علی، عبیداللہ، کمسن ایان حیدر اور حاضر سروس فرنٹیئر کور اہلکار صادق حسین موقع پر جاں بحق جبکہ کمسن بچہ صفدر عباس اور بچی انعم فاطمہ شدید زخمی ہو گئی،
پولیس نے فائرنگ اور قتل کے الزام میں چھ افراد گرفتار کر لئے ہیں۔
کمسن بچے سمیت ایک ہی خاندان کے چار افراد کے قتل سے علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی ہے، ایک ہی گھر سے بیک وقت چار جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام برپا ہو گیا اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔
مقتول اسد علی کے بھائی ناصر مہدی کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی شاملاتی زمینوں میں بیواؤں اور یتیموں سمیت علاقے کے ہر ایک فرد کو اپنا حصہ دلانا چاہتے تھے اور عدالتوں میں اس حوالے سے کیس بھی چل رہا تھا اور ان کے خاندان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔
ناصر مہدی کا کہنا تھا کہ قاتلوں نے ان کے خاندان کے بچوں سمیت چار افراد کو قتل کر کے ناانصافی اور درندگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
عدالت اور متعلقہ حکام قاتلوں کو قرار واقعی سزا دیں اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضلع کرم محمد قریش خان کا کہنا تھا کہ واقعے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں اور قتل کے واقعے میں ملوث افراد قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے۔