ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کا تیراہ کے پہلے پولیس سٹیشن کا پہلا دورہ
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے آج ضلع خیبر کا دورہ کیا۔ آئی جی پی 105 بریگیڈ کے ہیڈکوارٹر باغ تیراہ پہنچے جہاں بریگیڈیئر وقاص احمد قریشی، کرنل عامر، میجر عثمان اور دیگر اعلیٰ حکام نے آئی جی پی کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سی سی پی او پشاور اور ڈی پی او خیبر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بریگیڈیئر وقاص احمد قریشی نے آئی جی پی کو خطے میں امن و امان کی صورتحال اور علاقے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
آئی جی پی نے ماضی میں دہشت گردی سے بری طرح متاثرہ قبائلی اضلاع اور بالخصوص وادی تیراہ میں امن قائم کرنے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک آرمی کے افسروں و جوانوں کی دہشت گردوں کو شکست فاش دینے اور پاکستان کی سرحدوں کی دفاع میں بیش بہا قربانیوں کو تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں دیر پا امن اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے پولیس پاک آرمی کے شانہ بشانہ لڑے گی۔ اس موقع پر آئی جی پی کو یادگاری شلیڈ بھی پیش کی گئی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ قبائلی انضمام کے بعد کسی بھی آئی جی پی کا وادی تیرا ہ کا یہ پہلا دورہ تھا۔
بعد ازاں آئی جی پی علاقے کے مشران و عمائدین سے بھی ملے اور ان سے علاقے میں انضمام کے تناظر میں علاقے میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ علاقے کے مشران و عمائدین نے آئی جی پی کو اپنے درمیان پا کر بے انتہا خوشی کا اظہار کیا۔ آئی جی پی نے فرداَفرداَ سب سے ہاتھ ملایا اور ان سے گھل مل گئے۔
عمائدین نے آئی جی پی کو بتایا کہ پولیس قبائلی روایات کو ملحوظ خاطر رکھ کر اپنے فرائض نہایت خوش اسلوبی سے سرانجام دے رہی ہے اور مقامی افراد بھی ان کے ساتھ بھر پور عملی تعاون کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
قبائلی عمائدین نے آئی جی پی کو اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ پولیس میں بھرتی میں مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے اور پسماندہ علاقہ ہونے کی وجہ سے بھرتی کے لیے تعلیمی قابلیت اور دیگر شرائط میں بھی رعایت دی جائے۔
اس موقع پر آئی جی پی نے اپنے خطاب میں علاقہ عمائدین کو یقین دلایا کہ پولیس ان کے وابستہ توقعات پر ہر قیمت پر پورا اترے گی اور پولیس مقامی لوگوں کے تعاون سے ضم شدہ اضلاع میں مثالی امن اور خوشحالی قائم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔
اس موقع پر آئی جی پی نے کہا کہ قبائل نے انضمام سے پہلے بھی بیش بہا قربانیاں دی ہیں اور پاکستان کے سرحدات کے تحفظ میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
آئی جی پی نے کہا کہ انضمام سے ضم شدہ اضلاع میں خوشحالی اور ترقی کی ایک نئی شروعات ہو چکی ہے اور کہا کہ اس سے سب سے زیادہ فائدہ مقامی لوگوں کو ہورہا ہے۔
انہوں نے قبائلی عمائدین کو یقین دلایا کہ پولیس میں 100 فیصد مقامی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو بھرتی کیا جائے گا۔ عمائدین کی جانب سے آئی جی پی کو روایتی پگڑی پہنائی گئی۔
اس موقع پر آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے تیرا ہ پولیس اسٹیشن کا دورہ بھی کیا۔ وہ تھانے کے مختلف حصوں میں گئے اور ڈیوٹی اور بیرکوں میں موجود پولیس اہلکاروں سے ملےاوردرپیش مسائل و مشکلات سے آگاہی حاصل کی اور اعلیٰ پولیس حکام کو ان کو بہترین رہائشی سہولیات بہم پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔
آئی جی پی نے جوانوں کو ڈیوٹی پر مستعد اور چوکس پاکر ان کی پیشہ ورانہ فرائض کی بطریق احسن ادائیگی کی تعریف بھی کی۔
اس موقع پر آئی جی پی نے پولیس سٹیشن تیراہ میں پودا لگایا, آئی جی پی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت بھی کی۔