قبائلی اضلاع

باجوڑ کی تاریخ کے اولین تھانے کا افتتاح، پولیس کیلئے کارڈ بھی جاری

باجوڑ کی تاریخ کے اولین تھانے کا افتتاح کر دیا گیا جبکہ پولیس اہلکاروں کے لئے کارڈ بھی جاری کر دیئے گئے۔

نمائندہ ٹی این این کے مطابق قبائلی ضلع باجوڑ کی تاریخ میں پہلی بار پولیس تھانے کا افتتاح کیا گیا۔

اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی ڈی آئی جی پولیس اعجاز خان تھے جبکہ دیگر شرکاء میں سینیٹر ہدایت اللہ خان، ڈی پی او باجوڑ شہزاد کوکب فاروق، اسسٹنٹ کمشنر خار فضل رحیم، قبائلی عمائدین ملک عبدالعزیز، ملک محمد اکبر سیاسی قائدین سید اخونزادہ چٹان، مولانا وحید گل، گل افضل اور باجوڑ پریس کلب کے صدر حسبان اللہ سمیت سینکڑوں افراد شامل تھے۔

اس موقع پر ڈی آئی جی اعجاز خان نے باجوڑ کی تاریخ کے اولین پولیس تھانے کا افتتاح کیا اور تاریخ میں پہلی بار یہاں کے پولیس اہلکاروں کو پولیس کارڈ دیئے گئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی پولیس اعجاز خان نے کہا کہ باجوڑ میں قیام امن کیلئے قربانی دینے والے قبائلی عمائدین، پاک فورسز، پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کا احترام کرتے ہیں اور انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیگر بندوبستی اضلاع کی طرح قبائلی اضلاع کی پولیس کو بھی باقاعدہ ٹریننگ اور اسلحہ، وردی اور دیگر ضروری اشیاء دی جائیں گی۔

ڈی آئی جی کے مطابق باجوڑ میں 10 پولیس تھانوں کی تعمیر پر کام جاری ہے، انشاء اللہ تعمیری کام کے مکمل ہوتے ہی ان تھانوں کا بھی افتتاح کیا جائے گا جس کے بعد یہاں کی پولیس کو مزید آسانی میسر آئے گی۔

اس موقع پر ڈی آئی جی اعجاز خان نے نئے بننے والے تھانے کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا جبکہ متعلقہ افسران کی جانب سے انہیں بریفنگ دی گئی جس پر ڈی آئی جی اعجاز خان نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔

بعد ازاں ڈی آئی جی اعجاز خان نے پولیس کی یادگار شہداء پر حاضری دی، وہاں سلامی لی اور یادگار شہداء پر پھول چڑھائے، پولیس کنٹرول روم اور پولیس ٹریننگ سنٹر کا معائنہ کیا، ٹریننگ حاصل کرنے والوں سے ملاقات کی اور مختصر خطاب کیا۔

اس موقع پر انہوں نے گرین پاکستان شجرکاری مہم کے تحت پولیس لائن میں درخت بھی لگایا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 17 ستمبر کو ضلع خیبر کی وادی تیراہ میدان میں بھی نئے پولیس سٹیشن کا افتتاح کیا گیا تھا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button