قبائلی اضلاع

وزیراعظم عمران خان نے مہمند میں شاہراہ کا افتتاح کردیا

 

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر خیبرپختونخوا کے علاقے مہمند پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے شاہراہ کا افتتاح کیا۔

وزیراعظم پیر 28 ستمبر کو خیبر پختونخوا کے دورے کے سلسلے میں پہلے ضلع مہمند پہنچے، جہاں انہوں نے ناحقئی سرنگ اور شیخ زید روڈ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے عمائدین سے خطاب بھی کیا۔

مہمند میں قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کوشش ہے کہ قبائلی علاقوں کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز مہیا کریں۔ ان کا کہنا تھا صوبوں نے وعدہ کیا تھا کہ قبائلی علاقے کو این ایف سی کا 3 فیصد حصہ دیں گے، لیکن اب صوبے فنڈز دینے کے لیے تیار نہیں ہیں، خیبر پختونخوا نے اپنا شیئر دے دیا، باقی صوبے کہتے ہیں حالات برے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سب جانتے ہیں کہ دو سال سے حالات برے ہیں، ٹھیک ہونے والے تھے پھر کورونا آگیا، اس وجہ سے پیسہ کم اکٹھا ہوا، کوشش کروں گا کہ کم از کم انضمام شدہ علاقوں اور بلوچستان کو جو فنڈز درکار ہیں وہ ملیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا خدشہ ہے کہ ہمارے دشمن ان لوگوں کے ساتھ پوری طرح سے رابطے میں ہیں جو نہیں چاہتے کہ قبائلی علاقوں کا انضمام ہو، وہ عناصر پوری کوشش کریں گے کوئی نہ کوئی انتشار پھیلایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک سے باہر دشمن ایسے عناصر کو فنڈنگ کرتے ہیں، اور بار بار انضمام میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، کوشش ہے کہ قبائلی علاقے کی ترقی میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مہمند میں یہ منصوبے متحدہ عرب عمارات حکومت کے تعاون سے اس علاقے کے عوام کے لیے تحفہ ہیں۔

وزیراعظم بعد میں ضلع باجوڑ کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ تیمرگرہ، خار، مامد گٹ روڈ کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور عمائدین سے ملاقات کریں گے۔

ان منصوبوں کی بدولت مہمند اور باجوڑ کے عوام کو آمدورفت، تجارت اور روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ ضلع ان اضلاع کےعوام کو صوبائی دارالحکومت پشاور اور دیگر اضلاع سے رابطے میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔

دورہ پشاورکے دوران وزیراعظم گورنر ہاؤس میں خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں حکام کی جانب سے قبائلی اضلاع، بی آر ٹی اور دیگر امور پر انہیں بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم گورنر اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات بھی کریں گے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button