بازارذخہ خیل میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح
ضلع خیبرکے دورافتادہ علاقے بازار زخہ خیل میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا گیا۔ بازار زخہ خیل کے مختلف علاقوں میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح ممبر خیبرپختونخوا اسمبلی الحاج شفیق شیر آفریدی نے علاقائی مشران و الحاج کاروان کے کارکنوں کے ہمراہ کیا۔
افتتاحی تقریبات میں انجنئیر پبلک ہیلتھ ریاض افریدی، شاہ خالد شینواری، ڈی ایس پی سوالزر خان آفریدی،حاجی گل نواب آفریدی،الحاج محمد علی افریدی،الحاج گل شیر افریدی،الحاج یار افضل افریدی،زاھد خان کوکی خیل،حاجی خورشید افریدی،ولی محمد افریدی،ایمل شینواری،حاجی ہدایت اللہ افریدی،ملک مصطفیٰ کمال آفریدی نے شرکت کی۔ضلع خیبر کے دورافتادہ علاقے بازار زخہ خیل کے مختلف علاقوں الاچہ،کرمنہ،بازار،تبے میں کروڑوں روپے کے سولرائزیشن منصوبوں کا افتتاح، دو مختلف علاقوں میں محکمہ ایریگیشن کے تعاون سے پروٹیکشن والز و واٹر چینلز بارانی ڈیموں کا افتتاح جبکہ 35 کلومیٹر الاچہ روڈ پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بازار زخہ خیل پی کے 105 کا دور افتادہ علاقہ ہے جہاں پر پسماندگی نے بہت عرصہ سے ڈھیرے ڈال رکھے تھے تاہم پھر سابق ایم این اے و پارلیمانی لیڈر الحاج شاہ جی گل آفریدی نے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا اور اس کے بعد ہم ان کے نقش قدم پر چل کر بازار زخہ خیل سمیت پورے علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائے گے۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں مختص تین فیصد حصہ دیا جائے کیوں کہ بہت سے ترقیاتی منصوبے التوا کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بازار زخہ خیل سمیت پورے حلقے کی پسماندگی کا خاتمہ کرنا مشن ہے جن کو ہر حال میں پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ملی مشر الحاج شاہ جی گل آفریدی نے زخہ خیل قوم کی اس ملک کے لیے قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے چالیس کروڑ کی خطیر رقم مختص کرکے بڑا ہسپتال تعمیر کیا جس کو جلد از جلد عملہ بھی تعینات کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی میں تباہ شدہ سکولوں کو بھی جلد تعمیر کیا جائے گا جن کو خطیر رقم مختص کردی جائے گی جبکہ پینے کے لیے صاف کی منصوبوں کو بھی مکمل کیا جائے گا۔