پاڑہ چنار: سیلابی ریلے میں جاں بحق تین بھائیوں کے والدکو 9 لاکھ روپے کے چیکس دے دیئے گئے
پراونشیل ڈیزاسٹر میجمینٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا( پی ڈی ایم اے ) کی طرف سے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ضلع کُرم نے گذشتہ روز سپینہ شگہ نامی علاقے میں سیلابی ریلے میں جاں بحق تین بھائیوں کے والد کو فی کس تین تین لاکھ کے چیکس دیے دیئے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز پاڑہ چنار کے علاقے سپینہ شگہ نامی جگہ پر تین بھائی سیلابی ریلے میں جاں بحق ہوئے تھے جن کے والد جمال خان کوضلع کُرم کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ اور پی ڈی ایم اے کے کوارڈینیٹر مجاہد طوری نے ان کے گاؤں چیڑنگو جا کر نو لاکھ روپے کے تین چیکس حوالہ کردیئے۔
اس موقع پر مذکورہ افسران نے متوفی کے خاندان سے تعزیت کی اور متوفین کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے اے ڈی سی عصمت اللہ نے کہا کہ اس خاندان کا نقصان بہت بڑا ہے ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے ان کے ساتھ غم کی اس گھڑی میں برابر کی شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ امداد ان کے غم کا نعم البدل نہیں ہوسکتا لیکن ہم نے کوشش کی ہے کہ ان کی تکلیف کو کم کیا جا سکے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتطامیہ مصیبت کی ہر گھڑی میں اپنے قبائلی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور قدرتی افات کی سختی کو کم سے کم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔