قبائلی اضلاع

باجوڑ میں 43 شہدا ء ورثا کا شہداء ڈے تقریب سے بائیکاٹ کا اعلان

زاہد جان

 

باجوڑ میں لیویز فورس کے 43 شہداء کے ورثاء نے پولیس لائن میں شہداء ڈے تقریب سے بائیکاٹ کرکے احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنا حق نہیں دیا جارہاہے اور بار بار وعدے کئے گئے لیکن تاحال شہداء کے ورثاء کو بھرتی نہیں کیاگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے پیاروں نے وطن کی خاطراپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تاہم ابھی تک ان کو حکومت کی جانب سے کسی قسم کا امداد ملا نہ ہی ان کے ساتھ کئے گئے باقی وعدوں کو پورا کیا گیا۔ انہوں نے گلہ کیا کہ ڈی پی او کا رویہ بھی ان کے ساتھ ٹھیک نہیں ہے۔

احتجاج میں شریک ایک نوجوان نے ٹی این این کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ ان کے والد نے 2009 میں جام شہادت نوش کیا اور اتنا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی ان کو اپنا حق نہیں ملا حالانکہ دفاتر کا چکرلگا لگا کر وہ تھک چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کئی متعلقہ افراد کو درخواستیں بھی دے رکھی ہے تاہم کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

واضح رہے منگل کے روز پورے ملک میں یوم شہدائے پولیس منایا گیا جس کا مقصد اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جان قربان کرنے والے  ہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔

دوسری جانب ملک کے دیگرحصوں کی طرح باجوڑ میں بھی یوم شہداء پولیس عقیدت واحترام کیساتھ منایاگیا۔ اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب باجوڑ پولیس لائن سول کالونی خار میں منعقد ہوئی جس کے مہمانان خصوصی ڈپٹی کمشنر باجوڑ فیاض شیرپاؤ اور ڈی پی او باجوڑ شہزادہ کوکب فاروق تھے۔

تقریب میں شہداء کے ورثاء، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے حکام سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر باجوڑ فیاض شیرپاؤ اور ڈی پی او شہزادہ کوکب فاروق نے کہا کہ امن کیلئے باجوڑ پولیس شہداء کے قربانیاں لازوال ہیں اور ان قربانیوں کی بدولت ہم آج پرامن فضاء میں سانس لے رہے ہیں۔

انہوں نے شہداء کے قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پولیس شہداء کا دن منانے کا مقصد شہداء کے قربانیوں کا اعتراف ہے کیونکہ زندہ قومیں کبھی بھی اپنے شہداء کو نہیں بھولتی اور ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے کیونکہ اُن کی شہادتوں کی بدولت ہم آج باجوڑ کے سرزمین پر امن کیساتھ رہ رہے ہیں۔

اپنے خطاب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شہزادہ کوکب فاروق نے کہا کہ قومیں اُس وقت زندہ ہوتی ہیں جب وہ اپنے ہیروز اور شہداء کو یاد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ باجوڑ لیویز فورس کے79شہداء نے امن کیلئے اس دھرتی پر جان نچاور کئے جبکہ ان میں 10اہلکاروں کو تمغہ شجاعت بھی مل گیاہے اس کے علاوہ 200غازی ہیں۔

ڈی سی باجوڑ فیاض شیرپاؤ اورضلعی پولیس سربراہ باجوڑ شہزادہ کوکب فاروق نے شہداء کے ورثاء میں تحائف بھی تقسیم کیے انہوں نے شہداء کیلئے ہر قسم تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثناء شہداء دن کے موقع پر ڈی پی او باجوڑ شہزادہ کوکب فاروق نے علی الصبح شہداء کے قبروں پر سلامی پیش کی اور انکے بلند درجات کیلئے دعا مانگی اور پھول چڑھائے۔

پولیس کی چاق و چوبند دستے نے یادگار شہداء پر سلامی پیش کی اور پھول چڑھائے جبکہ باجوڑ پولیس لائنز میں قائم مرکزی مسجد میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا اور شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی گئی۔اس کے علاوہ باجوڑ کے مختلف مقامات پر شہداء کے بارے میں فلیکس، ڈاکو منٹری اور تصاویر کے پوٹریٹ آویزاں کئے گئے تھے۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button