”لوڈشیڈنگ سے بوڑھوں، عورتوں، بچوں اور بیماروں کی زندگی اجیرن”
مہمند اور ضلع خیبر سمیت صوبے کے مختلف مقامات پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف وقتاً فوقتاً احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
ضلع خیبر کے علاقے ملاگوری ٗلوڑہ مینہ میں بھی آج مقامی لوگوں کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت سماجی کارکنان صوبیدار (ر)سبز علی ملاگوری، ملک امانت خان اور جسیم خان کر رہے تھے۔
احتجاجی ریلی لوڑہ مینہ بازار سے شروع ہو کر غاخی کے مقام پر اختتام پذیر ہوئی، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملاگوری بھر کے دیہات میں 24 گھنٹے میں بجلی صرف چند منٹ کیلئے آتی ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو پینے کے صاف پانی سمیت دیگر مشکلات کا سامنا ہے۔
مقررین نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث مقامی بوڑھوں، عورتوں، بچوں اور بیمار رل رہے ہیں، انہوں نے ٹیسکو حکام کو جمعہ تک کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے کہا کہ اگر جمعہ تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہیں ہوا تو ورسک گریڈ سٹیشن کے سامنے احتجاج کریں گے جو بجلی کے بحالی تک جاری رہے گا۔
اس موقع پر شرکاء نے ٹیسکو کیخلاف شدیدنعرے بازی بھی کی۔ آخر میں شرکاء پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔
واضح رہے کہ ضم اضلاع میں لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ بندش کیخلاف بھی احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے تاہم حکومت کی جانب سے یا تو سرے سے کوئ توجہ ہی نہیں دی جا رہی اور یا پھر خالی خولی بیانات و اعلانات پر ہی اکتفاء کیا جا رہا ہے۔