ضلع مہمند کے سو غریب خاندانوں میں مفت بکریاں تقسیم
محکمہ لائیو سٹاک مہمند کی جانب سے اے آئی پی پروگرام کے تحت سو غریب خاندانوں میں مفت بکریاں تقسیم کی گئیں، پروگرام کے تحت ضم شدہ قبائلی اضلاع میں دس سالہ ترقیاتی پلان کے تحت ہر سال دو سو خاندانوں میں بھیڑ بکریاں تقسیم کی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع مہمند کیپٹن روح اللہ شہید سپورٹس سٹیڈیم میں جمعرات کے روز مہمند لائیو سٹاک کی جانب سے اے آئی پی پراجیکٹ کے تحت سو خاندانوں میں دو سو بکریاں مفت تقسیم کی گئیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک ہیڈ کوارٹر برائے ضم شدہ اضلاع ڈاکٹر سجاد احمدوزیر، پلاننگ آفیسرز ڈاکٹر کامران، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ضلع مہمند ڈاکٹر مفتی عبدالرازق، تحریک انصاف ضلع مہمند صدر نویدا حمد اور دیگر بھی موجود تھے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر لائی وسٹاک ضلع مہمند مفتی عبدالرازق نے اس موقع پر بتایا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع کے لئے حکومت کے دس سالہ ترقیاتی پلان کے تحت محکمہ لائیو سٹاک ضم شدہ اضلاع تمام قبائیلی اضلاع کے غریب و نادار خواتین میں مال مویشی تقسیم کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع مہمند میں اے آئی پی پراجیکٹ کے تحت اس وقت سو خاندانوں کو ایک بکرا اور ایک بکری مفت دی گئی اس میں بیوہ خواتین اور نادار افراد کو ترجیح دی گئی ہے، دوسرے مرحلے میں بھی سو خاندانوں کو مفت بکریاں فراہم کی جائیں گی یعنی سالانہ ضلع مہمند کے دو سو خاندانوں کو چار سو بکرے اور بکریاں مفت دی جائیں گی جس سے گھریلو خواتین کو آسان ذریعہ معاش ملے گا اور افزائش نسل سے قبائلی خواتین کی حالت زندگی بہتر ہو گی اور اپنے خاندان کی کفالت میں ایک مرد کی طرح کردار اد کر سکیں گی۔