قبائلی اضلاع

خیبر، زبانی تکرار پر ہوٹل کا مزدور پولیس اہلکار کے ہاتھوں قتل

ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میدان میں پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق تحصیل باڑہ کے دور افتادہ علاقہ وادی تیراہ پیر میلہ میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے نور محمد نامی پولیس اہلکار کا بازار کے ہوٹل میں کام کرنے والے مزدور امیر محمد کے ساتھ معمولی بات پر لڑائی جھگڑا ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تو تو میں میں کے دوران نور محمد نے طیش میں آ کر ہوٹل کے مزدور پر فائرنگ کھول دیا اور اسے شدید زخمی کر دیا، امیر محمد کو طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ کیا۔

مقامی پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ملزم پولیس اہلکار نور محمد کو گرفتار کر کے تیراہ باغ مرکز منتقل کر دیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز چارسدہ موٹروے پر پولیس نے پشاور سے لاہور جانے والی بس پر سروس روڈ سے فائرنگ کی تھی جس سے خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے تھے، زخمی خاتون کا تعلق پشاور حال شبقدر جبکہ دو افراد باجوڑ کے رہائشی تھے۔

زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال چارسدہ منتقل کر دیا گیا جبکہ بس کو چارسدہ پولیس نے تحويل میں لے لیا جس کا کہنا تھا کہ گاڑی پر سرکاری وردی میں ملبوس نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے، واقعہ چمکنی پولیس سٹیشن کا ہے، تھانہ پڑانگ نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے مراسلہ چمکنی پولیس سٹیشن کو ارسال کر دیا تھا۔

یہ بھی خیال رہے کہ گذشتہ روز اپر مہمند میں پولیس کی جانب سے کارروائی کے بعد مقامی لوگوں نے پولیس اہلکاروں کو ہی یرغمال بنا لیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اپر مہمند کے علاقے یوسف بابا میں مقامی پولیس نے منشیات کے سمگلرز پر چھاپہ مارتے ہوئے افیون، اسلحہ قبضہ میں لے کر بعض افراد کو حراست میں لے لیا، اہلیان علاقہ نے ردعمل کے طور پر مہمند پولیس کے متعدد اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا جن میں ڈی ایس پیز اور دیگر پولیس ملازمین شامل تھے۔

 

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button