قبائلی اضلاع

‘اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف دینے کی بجائے ان کے لئے کرائے دگنے کیے جارہے ہیں’

ضلع خیبرمیں خیبر یونین پاکستان کے زیر اہتمام اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کے حوالے سے باڑہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں بیرون ملک مقیم لوگوں کے رشتہ داروں نے بھی شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرے کی قیادت خیبر یونین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری زاہداللہ اور واجد خیال کر رہے تھے جبکہ مظاہرے میں دیگر درجنوں کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی تاہم انہوں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے تھے جن پر وزارت خارجہ کے خلاف اور اوورسیز پاکستانیوں کے حق میں نعرے درج تھے۔

خیبر یونین نے مطالبہ کیا کہ بیرون ملک بالخصوص خلیج میں مقیم پاکستانیوں کی واپسی اور وہاں بیمار لوگوں کے علاج معالجے کیلئے پاکستانی حکومت اور اوور سیز فاونڈیشن فوری اقدامات اٹھائیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ملکی معیشت کو بہت فائدہ پہنچایا اور بالخصوص موجودہ حکومت کیساتھ ہر ممکن تعاون کیا جبکہ دوسری جانب ان کے ساتھ اب امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے کورونا وائرس کی وجہ سے مزدوری نہیں کی اور انکے خاندانوں میں بہت تشویش پائی جاتی ہے اور اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف کی بجائے ان کے لئے کرائے دگنے کیے جارہے ہیں جوکہ بڑا ظلم ہے۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو جلد از جلد ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button