قبائلی اضلاع

اپر مہمند، منشیات کیخلاف کارروائی پر پولیس کو لینے کے دینے پڑ گئے

اپر مہمند میں پولیس کی جانب سے کارروائی کے بعد مقامی لوگوں نے پولیس اہلکاروں کو ہی یرغمال بنا لیا۔

ذرائع کے مطابق اپر مہمند کے علاقے یوسف بابا میں مقامی پولیس نے منشیات کے سمگلرز پر چھاپہ مارتے ہوئے افیون، اسلحہ قبضہ میں لے کر بعض افراد کو حراست میں لے لیا، اہلیان علاقہ نے ردعمل کے طور پر مہمند پولیس کے متعدد اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ رات گئے مقامی پولیس نے کئی گھروں پر چھاپے مارے اور وہاں سے افیون و اسلحہ قبضہ میں لے کر بعض افراد کو حراست میں لے لیا تاہم مقامی لوگوں نے مہمند پولیس کے متعدد اہلکاروں کو یرغمال بنالیا جن میں ڈی ایس پیز اور دیگر پولیس ملازمین شامل تھے۔

بعد ازاں پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور ایک موقع پر حالات نازک ہو گئے۔ اس دوران پولیس افسران اور مقامی عمائدین پر مشتمل جرگہ نے مداخلت کرتے ہوئے فریقین کی جانب سے حراست میں لئے گئے افراد کو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔

جرگہ کے فیصلہ کے مطابق پولیس کی جانب سے چھاپوں کے دوران قبضہ میں لی گئی افیون اور اسلحہ حکومت کے پاس رہے گا جبکہ علاقے میں مزید چھاپے نہیں مارے جائیں گے۔

جرگہ کے فیصلہ کے بعد علاقہ سے پولیس کی نفری واپس بلا لی گئی۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button