‘مہمند ڈیم انتظامیہ نے ہمارے ساتھ کیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا’
مہمند ڈیم میں غیر مقامی افراد کو نوکریاں اور ٹھیکے دینے کے خلاف قبائلی عمائدین نے واپڈا نمائندوں اور انتظامیہ کے ساتھ جرگہ کیا۔
مہمند ڈیم میں مقامی افراد کو نوکریاں اور ٹھیکے نہ دینے کے خلاف برہان خیل اور عیسی خیل قوم کے عمائدین کا اے سی آفس یکہ غونڈ میں جرگہ منعقد ہوا۔ اس موقع پر عمائدین کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر میں لیبر اور ٹھیکوں کی الاٹمنٹ پر صرف مقامی افراد کا حق ہے۔
ڈیم انتظامیہ نے ہمارے ساتھ کئے گئے وعدوں میں ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔کورونا وائرس کا بہانہ بنا کر مقامی افراد کو ڈیم میں جانے نہیں دیا جاتا جبکہ ڈیم میں کام بدستور جاری ہے۔
عمائدین کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات کی منظور ی تک ڈیم پر کام بند کیا جائے۔ہم نے جو زمین ڈیم کیلئے دی ہے ڈیم انتظامیہ نے اس سے تجاوز کرکے بغیر اجازت ہماری زمینوں پر قبضہ کرلیا ہے۔اس علاقے میں موجود ہمارے جنگلات کی غیر قانونی بے دریغ کٹائی جاری ہے جسکو بیچا جا رہا ہے ہمیں اسکا معاوضہ دیا جائے۔واپڈا کے نمائندوں اور انتظامیہ نے عمائدین کو یقین دلایا کہ مقامی افراد کے تمام جائز مطالبات کیلئے کمیٹی بنا کر جلد حل کیے جائینگے۔