قبائلی اضلاع

دوسری قربانی، پاک فوج کے حولدار کورونا وائرس سے جاں بحق

دنیا بھر کی طرح وطنِ عزیز میں جاری کورونا وباء کی روک تھام کے لئے جاری کوششوں کے دوران پاک فوج نے دوسری قربانی پیش کر دی، قبائلی ضلع کرم کے علاقہ شلوزان سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے حولدار رحیم حسین کورنا وائرس سے جاں بحق ہو گئے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پاک فوج کے حولدار شہید رحیم حسین ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد پر خدمات انجام دے رہے تھے سانس میں تکلیف کی وجہ سے جنہیں سی ایم ایچ پشاور میں داخل کرایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

شہید کی نماز جنازہ پاراچنار ائیرپورٹ کے قریب ان کے آبائی قبرستان میں ادا کیا گیا جس میں فوجی افسران سمیت شہید کے والد اور بیٹے نے شرکت کی۔

پاک فوج کا چاق و چوبند دستہ سلامی پیش کرتے ہوئے

بعدازاں میت کو پاراچنار ائیر پورٹ قبرستان میں مکمل فوجی اعزاز اور کورنا ایس او پیز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا جہاں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔

پاک فوج 8 بلوچ کے کمانڈنگ افسر کرنل جاوید الیاس اعوان، کیپٹن آئین حسین کے ہمراہ اعلیٰ عسکری قیادت کے جانب سے گل دستے پیش کئے گئے، قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

اس موقع پر RRF پولیس فورس کی خدمات بھی حاصل تھیں اور فورسیز کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو
سلامی پیش کی۔

شہید رحیم حسین کے والد حاجی حامد حسین نے بتایا کہ شہید دو بیٹوں ایک بیٹی اور اہلیہ کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں، ‘اپنے بیٹے کی شہادت پر انہیں فخر ہے۔’

حامد حسن کا کہنا تھا کہ ان کے دو دیگر بیٹے بھی فورسز سے ریٹائیرڈ ہوئے ہیں، شہید بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل انسداد کورونا کے اقدامات میں حکومت اور حکومتی اداروں کے شانہ بشانہ فرائض سرانجام دیتے ہوئے پاک فوج نے پہلی قربانی دی تھی، پاک فوج کے میجر کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں شہید ہو گئے تھے۔

جاں بحق حولدار کا کمسن بیٹا

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر محمد اصغر پاک افغان سرحد پر تعینات اور کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے، سانس میں تکلیف پر سی ایم ایچ پشاور منتقل اور وینٹی لیٹر پر رکھے گئے تاہم جانبر نہ ہوسکے۔

یہ بھی واضح رہے کہ وطن عزیز میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 62330 ہو گئی ہے جبکہ 1276 افراد اس وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوئے ہیں۔

ہلاکتوں کے حساب سے خیبر پختونخوا 425 اموات کے ساتھ سرفہرست، 396 کے ساتھ سندھ دوسرے نمبر پر جبکہ پنجاب 381 ہلاکتوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

اسی طرح بلوچستان میں ہلاکتوں کی تعداد 41 ہو گئی ہے، گلگت بلتستان میں 9، اسلام آباد میں 19 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

Show More

متعلقہ پوسٹس

Back to top button