ایک اور جاں بحق، ضلع خیبر میں کورونا سے اموات کی تعداد سات ہو گئی
قبائلی ضلع خیبر ایک اور شخص کرونا وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد ضلع میں جاں بحق افراد کی تعداد سات ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق باڑہ کے قبیلہ کمر خیل سے تعلق رکھنے والا حال ساکن رنگ روڈ پشتخرہ راز محمد ولد عبداللہ کا 8 دن پہلے کرونا وائرس پازیٹو آیا جس پر انہیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس شفٹ کردیا گیا۔
گزشتہ رات حالت زیادہ خراب ہونے پر شیرپاؤ ہسپتال میں وینٹی لیٹر پر رکھے گئے تاہم جانبر نہ ہو سکے، مرحوم کی میت کو ان کے آبائی گاؤں باز گھڑہ روانہ کر دیا گیا جہاں ان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 9 مئی کو قبائلی ضلع خیبر میں کورونا وائرس سے دو مریض جاں بحق ہوئے تھے جس کے ساتھ ضلع میں جاں بحق افراد کی تعداد چھ ہو گئی تھی۔
نمائندہ تی این این کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر طارق حیات نےخبر کی تصدیق کی اور کہا کہ ضلع خیبر میں کورونا مرض میں مبتلاء دو مزید افراد شہید ہوگئے۔جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
ڈاکٹر طارق حیات کے مطابق جاں بحق افراد میں سے ایک کا تعلق لنڈی کوتل جبکہ دوسرے کا تعلق تحصیل باڑہ سے ہے، دونوں میتوں کو میڈیکل ایس او پی کے مطابق دفنایا گیا۔