اراکین قومی اسمبلی میں کس کا کورونا ٹسٹ مثبت کس کا منفی آیا ہے؟
ملک بھر میں کورونا کے کیسز میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، منیر اورکزئی کے بعد قومی اسمبلی کے اراکین محمود شاہ اور گل ظفر خان اور ضلع خیبر سے ممبر صوبائی اسمبلی شفیق شیر کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر باجوڑ زمین خان مومند بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے
نمائندہ ٹی این این کے مطابق قومی اسمبلی کے دونوں اراکین (محمود شاہ، گل ظفر خان) میں کرونا وائرس پایا گیا ہے، رپورٹ میں تصدیق ہوگئی، اراکین پارلیمنٹ سے ٹیسٹ کے لیے سیمپلز 8 مئی کو لیے گئے تھے، گل ظفر خان باجوڑ سے تحریک انصاف کے ایم این اے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق اراکین پارلیمنٹ کے سیمپلز این آئی ایچ کی خصوصی ٹیم نے لیے تھے، قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت سے قبل کروناٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا تھا۔
دوسری جانب ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز کے ایک اور چیمبراٹینڈنٹ میں کرونا کی تصدیق ہوگئی، کرونا سے متاثرہ چیمبر اٹینڈنٹ کی عمر 39 سال ہے۔ پارلیمنٹ لاجز سے سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 3 ہو گئی۔
ادھر اراکین پارلیمان کے کروناٹیسٹ کے نتائج جاری کردیے گئے ہیں۔ سینیٹر راجہ ظفر الحق اور مشاہد حسین سید کا کرونا ٹیسٹ منفی آیا۔ وفاقی وزیر غلام سرور خان اور سیدفخر امام کا بھی ٹیسٹ منفی رہا۔
اسی طرح مصطفی نواز کھوکھر، شاہ زین بگٹی، پی ٹی آئی کے پشاور سے ایم این اے نور عالم خان، ایم این اینور عالم، سینیٹر سلیم ضیا، ستارہ ایاز، ملیکہ بخاری اور ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا بھی مہلک وائرس سے محفوظ رہیں۔
لیگی رکن اسمبلی طاہرہ اونگزیب، معاونین خصوصی علی نواز اعوان، ملک امین اسلم، مریم اورنگزیب اور مائزہ حمید کے کرونا ٹیسٹ بھی منفی آئے ہیں۔
دوسری جانب ضلع خیبر سے ممبر صوبائی اسمبلی شفیق شیر کا کورونا وائرس ٹیسٹ پازیٹیو ضلع خیبر ہی سے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کا کورونا ٹسٹ منفی آیا ہے۔
اسی طرح ضلع باجوڑ کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل ) زمین خان مومند کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ باجوڑ میں یہ پہلا کنفرم کیس ہے جو کرونا کے خلاف اس جنگ میں فرنٹ لائن پر فوکل پرسن ہے اور کورونا کے خلاف اپنے خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ فیاض شیرپاؤ نے اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف اس جنگ میں ضلعی انتظامیہ باجوڑ کا ساتھ دے اور حکومت کے بتائے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرے۔
قبل ازیں دو تین روز قبل اے این پی کے رکن صوبائی اسمبلی حاجی بہادر خان، ان کے صاحبزادے، نواسے اور پرائیویٹ سیکرٹری میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد ان سب نے خود کو گھروں میں قرنطین کرلیا تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس میں مبتلا ضلع کرم سے جمعیت علمائے اسلام کے رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی کے دو بھائیوں اور دو بھتیجوں کے علاوہ ان کے پرسنل سیکرٹری (پی ایس) کا بھی کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آیا تھا۔